
کراچی۔ 21 دسمبر (اے پی پی) نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ذیلی کالج پاکستان نیوی انجینئرنگ کالج کا 30 واں کانووکیشن جمعہ کو بحریہ آڈیٹوریم کراچی میں منعقد ہوا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے فارغ التحصیل طلباء کو ڈگریاں تفویض کیں۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی اور ریکٹر نسٹ لیفٹیننٹ جنرل (ر) نوید زمان نے بھی اس موقع پر شرکت کی۔ کانوکیشن کے دوران کل 339 طلباء کو ڈگریاں تفویض کی گئیں جن میں سے 3 پی ایچ ڈی،5 ماسٹرز اور 283 بی ای کے طلباء نے حاصل کیں جس میں میکینیکل، الیکٹریکل، آئی ایم ای اور بی ایس مینجمنٹ انفارمیشن سسٹمز کے شعبے شامل ہیں۔ بہترین تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء کی حوصلہ افزائی کے لئے 29 تمغے تفویض کئے گئے جن میں 10 صدارتی گولڈ میڈلز، 5 چیف آف دی نیول اسٹاف گولڈ میڈلز، 7 چانسلر سلور میڈلز اور 7 ریکٹر گولڈ میڈلز شامل ہیں۔ پاک بحریہ سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ڈگری حاصل کرنے والے طلباء اور اُن کے والدین کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ طلباء انکساری کے ساتھ اپنی تعلیم و تربیت مکمل کرنے کے بعد معاشرے اور پسماندہ لوگوںکی خدمت کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نیوی انجینئرنگ کالج پاکستان کی ابھرتی ہوئی صنعت کے لئے اعلیٰ معیار کے انجینئرز مہیا کر رہا ہے۔ صدر مملکت نے ترقی اور تحقیق کے فروغ کے لئے پاکستان نیوی انجینئرنگ کالج کی کوششوں کو سراہا اور حاضرین کو آگاہ کیا کہ حکومت پاکستان نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ذریعے متعدد فیکلٹی ڈیویلپمنٹ پروگرامز اور ریسرچ گرانٹ اسکیموں کا اعلان کیا ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے یہ توقع ظاہر کی کہ طلباء انسانی عقل اور مصنوعی ذہانت کے امتزاج تک پہنچیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مصنوعی ذہانت کے ساتھ ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے ریکٹر NUST نے کہا کہ NUST ملکی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے اپنے طلباء کو انجینئرنگ کے مختلف شعبوں میں بہترین تعلیم مہیا کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے مطلع کیا کہ مختصر وقت میں بہترین تعلیمی معیار قائم رکھنے پر کیو ایس (QS ) ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ کے تحت NUST نے دنیا کی 500 بہترین یونیورسٹیوں میں 417 ویں پوزیشن حاصل کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2015ء سے ہائر ایجوکیشن کمیشن کی رینکنگ میں NUST پہلے نمبر پر ہے۔ انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ اپنی مستقبل کی ذمہ داریوں میں بھرپور محنت کر کے ملکی ترقی میں اپنا حصہ ادا کریں۔ قبل ازیں اپنے استقبالیہ خطبے میں کمانڈنٹ پاکستان نیوی انجینئرنگ کالج کموڈور حبیب الرحمان نے کہا کہ پی این ای سی سے فارغ التحصیل طلباء ساری دنیا میں کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیوی انجینئرنگ کالج کے 90 فیصد طلباء ڈگری حاصل کرنے کے بعد 6 ماہ کے اندر ملازمت حاصل کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ طلباء کی علمی اور تجزیاتی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے انہیں مختلف مواقع فراہم کئے جاتے ہیں جہاں وہ اپنی قابلیت کا لوہا منواسکیں۔ انہوں نے بتایا کہ انجینئرنگ کالج کے 50 سے زائد ممتاز ملکی و غیر ملکی صنعتوں سے روابط ہیں جہاں 100 فیصد انٹرن شپ پروگرامز اور صنعتی دوروں کے ذریعے طلباء عملی تجربہ حاصل کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 2018ء میں پی این ای سی کی ٹیموں نے چار غیر ملکی مقابلوں میں حصہ لیا اور انعامات جیتے۔ تقریب میں نیول افسران، معزز شخصیات اور ڈگری حاصل کرنے والے طلباء کے والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔