کوئٹہ ۔24جون (اے پی پی):پاکستان نیوی کے زیر اہتمام سیلنگ( باد بانی کشتی) کیمپ اختتام پذیر ہوگیا، چھ روزہ سیلنگ کیمپ میں پاکستان نیوی کو گورنمنٹ آف بلوچستان، نیول اینکریج گوادر اور پرل کانٹیننٹل گوادر کا تعاون حاصل ہے۔ اس کیمپ و مقابلے کو منعقد کرانے میں پاکستان نیوی کو میر عبدالغفورکلمتی ویلفیئرٹرسٹ کے شعبہ اسپورٹس کی خصوصی معاونت حاصل رہی ہے۔
اس کیمپ کے انعقاد کے لیے باد بانی کشتی کے کھلاڑیوں کو کراچی سے مدعو کیا گیا جن کی زیرنگرانی تربیتی کیمپ میں مختلف مقامی اسکولوں کے 10 سے 16 سال کی عمر کے طلباءو طالبات کو رجسٹرڈ کروایا گیا۔ ان کے درمیان مختلف کیٹگری کے مقابلے منعقد کئے گئے۔ اس کیمپ کے انعقاد کے لیے پاکستان نیوی نے 15 باد بانی کشتیوں کا انتظام کیا جن میں ماہر کھلاڑیوں کے لیے 6 عدد لیزر بوٹس اور 3 عدد ونڈ سرفر بورڈز جبکہ مقامی طالب علم کھلاڑیوں کے لیے 6 عدد اوپٹیمسٹ بوٹس کا انتظام کیا گیا تھا۔
اس کیمپ میں گوادر کے لوکل اسکولز کے طالب علموں کو 17 تا 22 جون 2021ءکو روزانہ سیلنگ ( باد بانی کشتی ) کی تربیت دی گئی۔ تمام کیٹیگیری کے مقابلے گوادر پورٹ میں پاکستان نیوی کے زیرِ اہتمام حفاظتی اقدامات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے منعقد کیے گئے۔سیلنگ کیمپ کے اختتامی روز گوادر کے مختلف اسکولوں سے تعلق رکھنے والے 10 سے 16 سال کےنوجوان طلبا و طالبات نے قلیل مدت میں ہوا سے چلنے والی مختلف کیٹیگری کے کشتیوں کو چلا کر ناظرین کو دنگ کردیا۔
کیمپ کی اختتامی تقریب گوادر پورٹ پر منعقد ہوئی اختتامی تقریب کے مہمان خاص پاکستان نیوی کے کمانڈر ویسٹ رئیر ایڈمرل جواد احمد ایس آئی(ایم) جبکہ اعزازی مہمان ڈپٹی کمشنر گوادر عبدالکبیر زرکون چائنا اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ کے چیرمین مسٹر ڑانگ بائو زنگ تھے تقریب میں گوادر کے اسکولوں کے طالب علموں و اساتذہ کرام، سول و عسکری شخصیات اور گوادر ماہی گیر اتحاد کے رہنماو ں نے بھی شرکت کی۔سیلنگ کیمپ کے شرکاءکو مہمانان خصوصی نے سرٹیفکیٹ و انعامات تقسیم کئیے۔اختتامی تقریب سے مہمانِ خاص نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گوادر کی سرزمین کھیلوں کے حوالے سے بڑی ذرخیز ہے۔
گوادر کے بچوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہیں۔گوادر کے جن بچوں کو قلیل مدت میں تربیت دی گئی ہے وہ پاکستان کے کسی بھی شہر کے نوجوان کھلاڑیوں سے کم نہیں بلکہ ان بچوں نے قلیل مدت میں تربیت حاصل کرکے ہوا سے چلنے والی کشیوں کو چلا کر تربیت دینے والوں اور ناظرین کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا۔یہی بچے آگے چل کر قومی اور بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کرینگے۔
انہوں نے کہا کہ گوادر میں بہت جلد ایشن سیلنگ(باد بانی کشی)کےمقابلہ منعقد کیاجائے گاانہوں نے کہا ہے کہ امسال نیشنل گیمز کی میزبانی بلوچستان کو حاصل ہے نیشنل گیمز میں واٹر اسپورٹس کی میزبانی کا اعزاز گوادر کو حاصل رہے گا۔