اسلام آباد ۔ 30 مئی (اے پی پی) پاکستان نے اقوام متحدہ کے قدرتی آفات کی اطلاعات کی ترقی کے ایشیاءپسیفک مرکز (اے پی ڈی آئی ایم) اور شماریاتی انسٹی ٹیوٹ برائے ایشیاءو پسیفک ( ایس آئی اے پی) کی گورننگ کونسلوں کے انتخاب میں ایک بارپھر رکن کا انتخاب جیت لیا ہے۔ پاکستان کو 2019ءسے 2022تک کی مدت کے لئے اس منصب پر منتخب کیاگیا ہے۔ یہ انتخاب اقوام متحدہ کے معاشی وسماجی کمیشن برائے ایشیاءوپسیفک ( یواین ایسکیپ) کے بنکاک میں منعقدہ 75 ویں اجلاس کی رواں نشت میں کیاگیا۔اے پی دی آئی ایم کے الیکشن میں پاکستان نے سب سے زیادہ ووٹ حاصل کئے۔ دونوں اداروں میں پاکستان کا انتخاب اس کی متحرک سفارتکاری، علاقائی اور عالمی سطح پر دیگر مماک کے ساتھ قریبی تعاون کا مظہر ہے۔ پاکستان ایسکیپ کے رکن ممالک کی دوستی، اعتماد اور قابل قدر حمایت کو بے حد سراہتا ہے۔ پاکستان کثیرالملکی تعاون کے راستے پر کاربند رہے گا اور بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر سب کے لئے پائیدار ترقی، بہتری اور اجتماعیت کے مقاصد کے حصول کے لئے سرگرم عمل رہے گا۔