اسلام آباد ۔ 11 اپریل (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ چند ہفتے قبل پاکستان میں کورونا وائرس چیلنج سے نمٹنے کی صلاحیت نہیں تھی لیکن بہت ہی قلیل وقت میں ہم نے اس وباء کے خلاف جنگ کرنے کی صلاحیتوں کو بہتر بنا لیا ہے اور پاکستان جلد ہی مہلک وباء کو شکست دینے والے ممالک میں سے ایک ہو گا۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وباء کے خلاف نبردآزما ہونے کیلئے ہمیں فوری طور پر سیفٹی کٹس، ماسکس اور وینٹی لیٹرز کی اشد ضرورت تھی تاہم حکومت نے وباء کے خلاف صحت کے نظام میں اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کیا ہے اور اب پاکستان خود وینٹی لیٹرز تیار شروع کرنے جا رہا ہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ کورونا وائرس وباء کے بعد ملک میں پیدا ہونے والی نازک صورتحال میں قوم کا مورال بلند ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام وائرس سے بچائو کیلئے حکومت کی جانب سے جاری کی گئی احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، سماجی فاصلہ رکھیں اور زیادہ تر گھروں میں رہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں اپنے انجنیئرز، ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل سٹاف اور سیکیورٹی فورسز جو کہ فرنٹ سے وباء کے خلاف لڑ رہی ہیں کو سلام پیش کرنا چاہیے۔