پاکستان نے انٹرنیشنل ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں2سونےسمیت پانچ تمغےجیت لئے

84

مشہد۔31مئی (اے پی پی):پاکستانی ایتھلیٹس نے امام رضا انٹرنیشنل ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں 2 سونے، 2 چاندی اور ایک کانسی کے تمغے سمیت 5 میڈلز جیت کر تیسری پوزیشن حاصل کرلی ہے، شجر عباس نے 200 میٹر دوڑ اور محمد یاسر نے جیولین تھرو ایونٹ میں ملک کے لئے سونے کے تمغے جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔

پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کے مطابق ایران کے شہر مشہد میں منعقدہ دوسری امام رضا انٹرنیشنل ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے 200 میٹر دوڑ ایونٹ میں پاکستانی ایتھلیٹ شجر عباس نے برق رفتاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کرکے طلائی تمغہ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا جبکہ پاکستانی ایتھلیٹ عبدالمعید نے تیسری پوزیشن کے ساتھ کانسی کا تمغہ جیتا۔ دوسری جانب جیولین تھرو ایونٹ میں پاکستانی ایتھلیٹ محمد یاسر نے 74.83 میٹر تھرو کے ساتھ سونے کا تمغہ حاصل کیا۔ عبدالمعید نے اس سے قبل ایتھلیٹکس کپ میں 400 میٹر ٹریک اور شہروز خان نے ہائی جمپ ایونٹ میں چاندی کے تمغے جیتے تھے۔

ایونٹ میں ایران ، عراق، قطر ، افغانستان، بنگلہ دیش اور قزاخستان کے ایتھلیٹس نے حصہ لیا۔ پاکستانی ایتھلیٹس نے ایونٹ میں 200 میٹر اور 400 میٹر ریس میں دو قومی ریکارڈ بھی قائم کئے۔ پاکستان ایتھلیٹس فیڈریشن کے صدر میجر جنرل (ر) اکرم ساہی نے کہا ہے کہ پاکستانی ایتھلیٹس نے انٹرنیشنل ایتھلیٹکس کپ میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرکے بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے، بلاشبہ یہ پاکستان کے لئے بہت بڑی کامیابی ہے، اس طرح کا رزلٹ پہلے کبھی نہیں آیا۔

انہوں نے کہا کہ ایونٹ میں پاکستان کے 4 ایتھلیٹس نے مجموعی طور پر 2 سونے، 2 چاندی اور ایک کانسی کا تمغہ حاصل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایتھلیٹس کا انتخاب میرٹ پر کیا گیا تھاجس کی بناء پر بہترین نتائج سامنے آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایتھلیٹس کے ہمراہ کوئی آفیشل نہیں گیا صرف کوچز قاضی تنویر حسین اور رانا سجاد احمد خان ان کے ہمراہ تھے۔