پاکستان نے انگلینڈ کو لارڈز ٹیسٹ میں75 رنز سے ہرا دیا،گرین شرٹس کو چار میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل
شاہ،راحت اور عامر کی نپی تلی باﺅلنگ،انگلش ٹیم 283 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 207 رنز پر ڈھیر،بیئرسٹو اور ووکس کی مزاحمتی بیٹنگ ناکافی ثابت، یاسرشاہ کی 10 وکٹیں مین آف میچ قرار پائے،ووکس کی محنت رائیگاں
لارڈز ۔ 17 جولائی (اے پی پی) پاکستان نے انگلینڈ کو لارڈز ٹیسٹ میں 75 رنز سے ہرا کر چار میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، یہ گرین شرٹس کی لارڈز کے مقام پر 20 برس بعد پہلی فتح ہے، گرین شرٹس نے آخری بار 1996ءمیں اس گراﺅنڈ میں کامیابی حاصل کی تھی، میچ کے چوتھے روز پاکستانی ٹیم دوسری اننگز میں 215 رنز پر آﺅٹ ہوئی اور اس نے میزبان ٹیم کو فتح کیلئے مجموعی طور پر 283 رنز کا ہدف دیا، ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 207 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، گرین شرٹس کے باﺅلرز کی غیرمعمولی باﺅلنگ کے سامنے کوئی بھی انگلش بلے باز جم کر نہ کھیل سکا، 139 رنز پر 6 وکٹیں گرنے کے بعد جونی بیئرسٹو اور کرس ووکس نے کافی مزاحمتی بیٹنگ کی تاہم وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے، جونی بیئرسٹو 48 رنز بنا کر نمایاں رہے، یاسر شاہ نے 10 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ کرس ووکس کی محنت رائیگاں گئی، انہوں نے میچ میں 11 وکٹیں حاصل کی تھیں۔