پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف 3 رنز سے کامیابی حاصل کرکے سیریز 2-2 سے برابر کردی،محمد رضوان نے 88 رنز کی اننگز کھیلی

128
پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف 3 رنز سے کامیابی حاصل کرکے سیریز 2-2 سے برابر کردی،محمد رضوان نے 88 رنز کی اننگز کھیلی

کراچی۔25ستمبر (اے پی پی):حارث رئوف اور محمدنواز کی شاندار بالنگ کی بدولت پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف 3 رنز سے کامیابی حاصل کرکے سیریز 2-2 سے برابر کردی،محمد رضوان نے 88 رنز کی اننگز کھیلی،حارث رئوف کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا،انگلینڈ 19.2 اوورز میں 163 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، پاکستان نے اپنے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے تھے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں اتوار کی رات کھیلے گئے7ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان نے انگلینڈ کو 3 رنز سے شکست دیکر سیریز 2-2 سے برابر کردی،پاکستانی بالرز ابتدائی 6 اوورز میں دھواں دار بالنگ کرتے ہوئے انگلش بیٹسمینوں کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا اور اننگز کے پہلے اوور کی چوتھی گیند پرمحمد نواز نے فل سالٹ کو آئوٹ کردیا جبکہ دوسرے اوور کی دوسری اور چھٹی گیند پر محمد حسنین نے ہیلیکس ہیلز اور ول جیکس کو پویلین کا راستہ دکھایا۔

حارث رئوف نے 18.3 اور 18.4 اوورز میں یکے بعد دیگرے ڈائوسن اور اسٹون کو آئوٹ کر کے سنسنی پھیلا دی تاہم ہیٹ ٹرک کرنے میں ناکام رہے۔ انہوں نے اپنے 4 اوورز میں 32 رنز دیکر 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ محمد نواز نے بھی 4 اوورز میں 35رنز دیکر 3 وکٹیں حاصل کیں۔محمدحسنین نے 2 اور محمدوسیم نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

انگلینڈ کے بیٹسمینوں نے اپنے 6 اوورز کے بیٹنگ پاور پلے کے دوران 3 وکٹوں کے نقصان پر 50 رنز بنائے۔بین ڈکٹ 24 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 34 رنز بناکر آئوٹ ہوئے جبکہ ہیری بروک 34،بین ڈکٹ 33،کپتان معین علی 29،ڈاوڈ ویلی 11، فل سالٹ 8، ایلیکس ہیلز 5 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ول جیکس کوئی رن نہیں بناسکے۔ہیری بروک اور معین علی کی شراکت میں پانچویں وکٹ کے لئے 49 رنز اور بین ڈکٹ اور ہیری بروک کے درمیان چوتھی وکٹ کی شراکت میں 43 رنز بنے۔

اس سے پہلے پاکستان نے انگلش ٹیم کومیچ جیتنے کے لئے 167 رنز کا ہدف دیا، قومی ٹیم نے اپنے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے۔ اوپنرز محمد رضوان اور کپتان بابراعظم نے بیٹنگ پاور پلے کے دوران 52 رنز بنائے۔

پہلی وکٹ کی شراکت میں 97 رنز جبکہ دوسری وکٹ کی شراکت میں 52رنز بنے۔محمد رضوان بہتر بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 67 گیندوں پر ایک چھکے اور 9 چوکوں کی مدد سے 88 رنز بنانے کے بعد ٹوپلے کی گیند پر ہیلز کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔ بابراعظم 36، شان مسعود21 اورخوشدل شاہ 2 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔

انگلینڈ کے بالرریس ٹوپلے نے اپنے 4 اوورز میں 37 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایا جبکہ لائم ڈائوسن اور ڈیوڈ ویلی نے بالترتیب 32 اور 31 رنز دیکر ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔