39.6 C
Islamabad
جمعہ, مئی 23, 2025
ہومقومی خبریںپاکستان نے بھارتی وزیراعظم کے بے بنیاد، اشتعال انگیز اور غیر ذمہ...

پاکستان نے بھارتی وزیراعظم کے بے بنیاد، اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ الزامات کو دوٹوک الفاظ میں مسترد کردیا

- Advertisement -

اسلام آباد۔23مئی (اے پی پی):پاکستان نے بھارتی وزیراعظم کی جانب سے راجستھان میں حالیہ عوامی خطاب کے دوران لگائے گئے بے بنیاد، اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ الزامات کو دوٹوک الفاظ میں مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریفات، غلط بیانیوں اور اشتعال انگیز بیانات سے بھرے ان ریمارکس کا واضح مقصد تنگ سیاسی فائدے کے لیے علاقائی کشیدگی کو ہوا دینا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق اس طرح کے بیانات نہ صرف عوام کو گمراہ کرنے کی دانستہ کوشش کی عکاسی کرتے ہیں بلکہ ذمہ دار ریاستی نظام کے اصولوں کی بھی خلاف ورزی کرتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ دھمکیوں کا سہارا لینا اور ایک خودمختار ملک کے خلاف فوجی کارروائی پر فخر کرنا اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے قائم کردہ اصولوں کی سنگین خلاف ورزی ہے، یہ خطرناک رویہ علاقائی امن و استحکام کو نقصان پہنچاتا ہے۔

- Advertisement -

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں ایک مستقل اور فعال شراکت دار ہے، پاکستان کو دہشت گردی کی کارروائیوں سے جوڑنے کا کوئی بھی الزام حقیقتاً غلط اور صریح طور پر گمراہ کن ہے، یہ ایک حربہ ہے جو اکثر بھارت اپنے اندرونی چیلنجوں خاص طور پر اپنے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں جابرانہ پالیسیوں سے توجہ ہٹانے کے لئے استعمال کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کو قربانی کا بکرا بنا کر جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر پردہ ڈالنا چاہتا ہے، کشمیری عوام کی حالت زار اور حق خود ارادیت کے لئے ان کی منصفانہ جدوجہد کو جارحانہ بیان بازی اور سیاسی انحطاط سے چھپایا نہیں جا سکتا۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی قیادت پر زور دیا کہ وہ ذمہ داری اور تحمل کا مظاہرہ کرے، بڑھتے ہوئے بیانات اور جارحانہ انداز تنائوکو بڑھانے کے علاوہ کوئی اور مقصد پورا نہیں کرتا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو فرضی بیانیے کا سہارا لینے اور انتخابی فائدہ اٹھانے کے لئے جنگجوانہ عزائم کا سہارا لینے کے بجائے پرامن بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے تصفیہ طلب تنازعات کو حل کرکے پختگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ بیان کے مطابق پاکستان پرامن بقائے باہمی، علاقائی استحکام اور تعمیری مشغولیت کے لئے پرعزم ہے۔ تاہم، ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ پاکستان کے عوام اور اس کی مسلح افواج ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لئے پوری طرح تیار اور اہل ہیں۔

ترجمان نے واضح کیا کہ کسی بھی مہم جوئی یا جارحیت کا پرعزم اور متناسب جواب دیا جائے گا۔ پاکستان نے ماضی میں بھی اپنے عزم کا مظاہرہ کیا ہے اور اگر ضرورت پڑی تو دوبارہ بھی کرے گا۔ عالمی برادری کو بھارت کے جارحانہ انداز اور نفرت پر مبنی بیانیے کا سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہیے جس سے علاقائی امن کو خطرہ ہے۔ بیان کے مطابق جنوبی ایشیا میں استحکام کو برقرار رکھنے کے لئے ایسی بیان بازی اور اقدامات کی حوصلہ شکنی ضروری ہے، تنازعات کی تسبیح سے کسی کو فائدہ نہیں ہوتا، اور پائیدار امن کا راستہ بات چیت، باہمی احترام اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری میں مضمر ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600489

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں