ڈھاکہ۔22نومبر (اے پی پی):پاکستان نے تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں بنگلہ دیش کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں کلین سویپ کر دیا۔ گرین شرٹس نے بنگال ٹائیگرز کی طرف سے دیا گیا 125 رنز کا ہدف آخری گیند پر 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
حیدر علی نے 45 اور محمد رضوان نے 40 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کرپاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ بنگلہ دیشی کپتان محمد اللہ نے آخری اوور میں تین وکٹیں حاصل کیں۔ حیدر علی کو میچ اور محمد رضوان کو سیریز کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔
پیر کو شیر بنگلہ نیشنل سٹیڈیم، میرپور میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش کے کپتان محمد اللہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے نوجوان فاسٹ بائولر شاہنواز دھانی نے پہلے ہی اوور میں اوپنر نجم الحسن شانتو کو 5 کے انفرادی سکور پر پویلین واپس بھیج دیا۔ 37 کے مجموعی سکور پر بنگلہ دیش کی دوسری وکٹ گر گئی، شمیم حسین 22 رنز بنا کر عثمان قادر کی گیند پر افتخار احمد کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے۔
عفیف حسین تیسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 20 رنز بنا کر عثمان قادر کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے۔ اوپنر محمد نعیم نے 47 رنز کی اننگز کھیلی، انہیں محمد وسیم نے اپنی ہی گیند پر کیچ کیا۔ کپتان محمد اللہ 13، نورالحسن 4 اور امین الاسلام 3 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔
س طرح میزبان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنائے۔ محمد وسیم اور عثمان قادر نے دو، دو جبکہ شاہنواز دھانی اور حارث رئوف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں پاکستان نے مطلوبہ ہدف انتہائی دلچسپ مقابلے کے بعد 20 ویں اوور کی آخری گیند پر 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
محمد نواز نے چوکا لگا کر پاکستان کو کامیابی دلائی۔ حیدر علی نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 45 رنز بنائے، محمد رضوان 40 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹسمین رہے۔کپتان بابر اعظم 19 رنز بنا سکے۔
بنگلہ دیش کی طرف سے محمد اللہ نے ایک اوور میں تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ حیدر علی کو میچ اور محمد رضوان کو سیریز کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔