19.4 C
Islamabad
جمعرات, اپریل 3, 2025
ہومقومی خبریںپاکستان نے جاندار کم بیک کرتے ہوئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ...

پاکستان نے جاندار کم بیک کرتے ہوئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کو 152 رنز سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی، ساجدخان میچ کے بہترین کھلاڑی قرار (تفصیلی خبر)

- Advertisement -

ملتان۔18اکتوبر (اے پی پی):نعمان علی اور ساجد خان کی تباہ کن بائولنگ کی بدولت پاکستان نے جاندار کم بیک کرتے ہوئے انگلینڈ کودوسرے ٹیسٹ میچ میں 152 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی ۔میچ کا فیصلہ چوتھے روز ہوگیا، پاکستان ٹیم کے سپنرز کی تباہ کن بائولنگ کے باعث انگلینڈ کی ٹیم 297 رنز ہدف کے تعاقب میں میچ کے چوتھے روز 144 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ کپتان بین سٹوکس 37 رنز بناسکے۔ پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں نعمان علی نے 8 جبکہ ساجد خان نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔ ساجد خان نے میچ کی پہلی اننگز میں 7 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا ، انہوں نے میچ میں 9 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔دونوں سپنرز نے شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ قومی کرکٹ ٹیم کے سپنرز نعمان علی اور ساجد خان نے 52 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کا ریکارڈ برابر کردیا۔انگلینڈ کی تمام 20 وکٹیں پاکستان کے ان ہی 2 سپنرز نے حاصل کیں اور یہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ساتواں موقع ہے جب 20 کھلاڑیوں کو 2 بائولرز نے آؤٹ کیا۔نعمان علی نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں 11 اور ساجد خان نے 9 وکٹیں حاصل کیں۔ انگلینڈ اور آسٹریلیا 2،2 بار جبکہ جنوبی افریقا اور پاکستان ایک ایک بار یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔آخری بار 1972 میں آسٹریلیا کے ڈینس للی اور باب میسی نے انگلینڈ کے 20 کھلاڑی آؤٹ کیے تھے۔پاکستان نے 1956 کے کراچی ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو 9 وکٹ سے ہرایا تھا، اس میچ میں فضل محمود اور خان محمد نے مشترکہ طور پر 20 کھلاڑی آؤٹ کیے جبکہ فضل محمود نے میچ میں 13 اور خان محمد نے 7 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ ساجد خان کو شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ملتان انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے چوتھے روز کے کھیل کا آغاز 2 وکٹ کے نقصان پر 36 رنز سے کیا،لیکن پاکستانی سپنر ساجد خان نے ایک رن کے اضافے پر ہی انگلش کھلاڑی اولی پوپ کو پویلین کی راہ دکھا دی، 18 کے انفرادی سکور پر نعمان علی نے جو روٹ کو بھی ایل بی ڈبلیو آوٹ کر دیا۔نعمان علی نے 78 کے مجموعی سکور پر ہیری بروک کو بھی ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا، نعمان علی نے اپنا چوتھا شکار انگلش وکٹ کیپر بیٹر جیمی سمتھ کو بنایا جو 6 رن بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔انگلش کپتان بین سٹوکس نعمان علی کے پانچویں شکار بنے جو37 رنز بنا کر سٹمپڈ آؤٹ ہوئے۔برینڈن کرس ،جیک لیچ اور شعیب بشیر کو بھی نعمان علی نے آؤٹ کیا۔واضح رہے کہ پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 366 رنز سکور کئےتھے جس کے جواب میں انگلینڈ کی ٹیم 75 رنز کے خسارے کے ساتھ پہلی اننگز میں291 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔دوسری اننگز میں پاکستانی ٹیم 221 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی اور انگلینڈ کو جیت کے لیے 297 رنز کا ہدف دیا۔پاکستان کے سپنرز کی تباہ کن بائولنگ کے باعث انگلینڈ کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 144 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔مجموعی طور پر دونوں اننگز میں نعمان علی نے 11جبکہ ساجد خان نے9کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔انگلینڈ کی جانب سے دونوں اننگز میں میتھو پوٹس نے 3،برائیڈن کرس نے 5 ،جیک لیچ نے 7اور شعیب بشیر نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ساجد خان میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔واضح رہے کہ انگلینڈ نے پاکستان کو رواں سیریز کا پہلا ٹیسٹ اننگز اور 47 رنز سے ہرایا تھا ۔پاکستان کی ٹیم نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں جاندار کم بیک کرتے ہوئے مہمان انگلینڈ کی ٹیم کو 152 رنز سےنہ صرف شکست دی بلکہ تین میچوں کی سیریز بھی 1-1 سے برابر کر دی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 24 سے 28 اکتوبر تک راولپنڈی میں شیڈول ہے۔\932

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=514399

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں