28.2 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 17, 2025
ہومقومی خبریںپاکستان نے جنگی اور سفارتی محاذ پر فتح سمیٹی ،پوری قوم مسلح...

پاکستان نے جنگی اور سفارتی محاذ پر فتح سمیٹی ،پوری قوم مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتی ہے ، ملک محمد احمد خان

- Advertisement -

لاہور۔16مئی (اے پی پی):سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان نے جنگی اور سفارتی محاذ پر فتح سمیٹی ہے ،پوری قوم مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتی ہے ،ملک بھر میں یوم تشکر منایا جا رہا ہے ،مودی کو ہر بار ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا،سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ معطل نہیں کیا جاسکتا،ہماری امن کی خواہش کو کمزوری ہر گز نہ سمجھا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں پنجاب اسمبلی میں میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا

سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ معرکہ حق کی فتح میں پوری پاکستانی قوم یوم تشکر منا رہی ہے ،پاک افواج کے جوانوں نے بھارتی فوج کو چاروں شانے چت کیا،قوم وزیر اعظم محمد شہباز شریف ،سپہ سالار اور مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتی ہے جنہوں نے اپنی بہترین حکمت عملی سے پاکستان کو فتح دلائی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ریاست ہے لیکن ہماری امن کی خواہش کو کمزوری ہر گز نہ سمجھا جائے،پاکستان جنگ نہیں چاہتا لیکن اگر اس پر جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی گئی تو دشمن کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا،اگر کسی کو مہم جوئی کا شوق ہوا تو جواب چند لمحوں میں آ جائے گا،بھارت نے ہمیشہ خطے میں بد امنی پیدا کرنے میں پہل کی جس کا اسے بھاری نقصان اٹھانا پڑا اورمودی کو ہر بار شکست ہوئی،پاکستان نے ہر میدان میں بھارت سے منفرد انداز میں جنگ جیتی ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم سیاسی یکجہتی کے تحت پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اورسب لوگ اکٹھے ہوکر پاک افواج و ملکی قیادت کیلئے دعاگو ہیں جبکہ میڈیا کا بھی شکریہ ادا کر تے ہیں جس نے شاندار طریقے سے صحافتی سرحدوں کی حفاظت کرتے ہوئے رپورٹنگ کی،اللہ تعالی کا شکر ادا کر تے ہیں اور قوم فخر سے سر اٹھا کر کہہ سکتی ہے کہ ہم پاکستان کے چپے چپے کی حفاظت کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ سپیکر نے کہا کہ اس وقت پاکستان نے کمپوزٹ ڈائیلاگ کا مطالبہ کیا ہے،خطے میں امن قائم کرنے کے لئے مذاکرات کا راستہ اختیار کرنا چا ہیے جو نہ صرف پاک بھارت بلکہ پورے خطے کیلئے سود مند ثابت ہو گا ۔

ملک محمد احمد خان نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ معطل نہیں کیا جاسکتا،آرٹیکل 370اے اور سندھ طاس معاہدہ پر پاکستان بات کرے گا،ہم سمجھتے ہیں کسی وجہ سے سندھ طاس معاہدہ کی معطلی اسے جنگ سے تعبیر کرنا کوئی اچنبے کی بات نہیں،پانی ہمارا حق ہے، سندھ طاس کا پانی تو جنگوں میں بھی بند نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو اگر کسی نے پرکھنا ہے کہ دہشت گردی کا سب سے زیادہ شکار کون ہوا ہے تو جان لو کہ پاکستان وہ ملک ہے جس نے دہشت گردی میںنوے ہزار کے قریب جانوں کے نذرانے دیئے،ہمارے نقصانات کو آسانی سے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ،بھارت یہ سمجھتا ہے کہ کسی دوسرے ملک کی سالمیت پر حملہ کرلیں گے تو جواب نہیں ملے گا، ایسا کبھی نہیں ہوگا۔

ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پلوامہ ہو یا پہلگام واقعہ دونوں فالس فلیگ آپریشن تھے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو اپنے سیاسی مقاصد کیلئے پاکستان پر بغیر ثبوت کے دہشت گردی کے بے بنیاد الزامات لگا نے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے،بھارت نے کبھی سندھ طاس معاہدہ، مسئلہ کشمیر اور کبھی دہشت گردی کا بہانہ بناکر پاکستان پر حملہ کیا لیکن حقائق کو مسخ نہیں کیاجا سکتا۔انہوں نے کہا کہ مودی پر جنگی جنون سوار ہے، چھ جہاز تباہ کرواکر بے عزتی کروا لی اب اسی کی قوم اس کی بے عزتی کررہی ہے، مودی نے ہمیشہ اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر کے خطے کی فضا کو خراب کرنے کی کوشش کی۔

ایک سوال کے جواب میں سپیکر نے کہا کہ دس مئی کو پاک افواج نے جوانمردی کے ساتھ بھارت کو ناکوں چنے چبوائے جس سے پاکستانی افواج کا نا صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر مورال بلند ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمدشہبازشریف اور مودی کی تقریر کا موازنہ کر لیں آپ جیتے اور ہارے ہوئے کمانڈر کی تقریر کا فرق خود ہی محسوس کرلیں گے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=597867

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں