اسلام آباد۔8مئی (اے پی پی):پاکستان نے بھارتی میڈیا کی طرف سے اس پر پٹھان کوٹ، جیسلمیر اور سری نگر پر حملے کرنے سے متعلق لگائے گئے بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے ہوئے کہا ہےکہ یہ دعوے مکمل طور پر بے بنیاد، سیاسی محرکات کے حامل اور لاپرواہ پروپیگنڈہ مہم کا حصہ ہیں جن کا مقصد پاکستان کو بدنام کرنا ہے۔
جمعرات کو ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کسی معتبر تحقیقات کے بغیر پاکستان پر بار بار الزامات عائد کرنے کا لگا بندھا انداز جارحیت کا جواز گھڑنے اور خطے کو مزید عدم استحکام سے دوچار کرنے کی دانستہ حکمت عملی کی عکاسی کرتا ہے۔
اس طرح کے اقدامات نہ صرف علاقائی امن کو مزید خطرے سے دوچار کرتے ہیں بلکہ سیاسی اور فوجی مقاصد کے لیے غلط معلومات سے ناجائز فائدہ اٹھانے کے لیے مضطرب آمادگی کو بھی منکشف کرتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ ہم بین الاقوامی برادری پر زور دیتے ہیں کہ وہ اس خطرناک رویے کا سنجیدگی سے نوٹس لے اور بھارت کو تحمل اور ذمہ داری کا مشورہ دے ۔
پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے جھوٹے ڈھونگ پر مبنی کسی بھی کشیدگی کا پورے عزم اور ولولے کے ساتھ مقابلہ کیا جائے گا۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان امن کے لیے چوکس اور بھرپور انداز میں پرعزم ہے لیکن وہ اشتعال انگیزی، دھمکانے یا گمراہ کرنے کی کوششوں سے مرعوب نہیں ہو گا اور جارحیت کی کارروائیوں کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ عائدکردہ ان الزامات کو سختی سےمسترد کیا جاتا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594607