پاکستان نے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں زمبابوے کو8وکٹوں سے شکست دیدی

408

راولپنڈی۔8نومبر (اے پی پی):قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم اور حیدر علی کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں زمبابوے کو8وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں فیصلہ کن 2_0کی برتری حاصل کر لی۔ حیدر علی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی میچ کل منگل کو کھیلا جائے گا۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر زمبابوے کو بیٹنگ کی دعوت دی زمبابوے کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20اوورزمیں 7وکٹوں کے نقصان پر 134رنز بنائے۔ زمبابوے کی جانب سے اننگزکا آغازبرینڈن ٹیلر اور چیبھا بھا نے کیا جو مایوس کن رہا اور دوسرے اوور میں ہی ٹیلر حارث رؤف کا شکار بن گئے. زمبابوے کی جانب سے برل اور ویسلے مدھیویرے ہی پاکستانی بولنگ کے سامنے مزاحمت کرسکے اور دونوں نے بالترتیب 32 اور 24 رنز کی اننگز کھیلیں۔ زمبابوے کی ٹیم مقررہ 20اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بناسکی.’ریان برل ‘‘32رنز پر ناقابل شکست رہے۔پاکستان کی جانب سے حارث رؤف اور عثمان قادر نے 3،3وکٹیں حاصل کیں۔ زمبابوے کے 135 رنز کے ہدف کے تعاقب میں گرین شرٹس کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور کپتان بابر اعظم نے کیا تاہم فخر زمان 5 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد آنے والے حیدر علی اور بابر اعظم نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کیا اور دوسری وکٹ کی شراکت میں 100 رنز بناکر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ بابر اعظم اور حیدر نے نصف سنچریاں بنائیں تاہم 51رنز بنانے کے فوری بعد کپتان بابر اعظم آؤٹ ہوگئے. پاکستان نے 16 ویں اوور میں بآسانی 2 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز کا ہدف حاصل کرلیا اور زمبابوے کو 8 وکٹوں سے شکست دی۔پاکستان کی جانب سے حیدر علی 66 رنز بناکر ناقابل شکست رہے جبکہ کپتان بابر اعظم 51 رنز بناکر نمایاں رہے۔حیدر علی کو بہترین بلے بازی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ اس جیت کے ساتھ ہی گرین شرٹس نے 3 میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔اس سے قبل گزشتہ روز پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میں زمبابوے کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی میچ 10 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان نے زمبابوے کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز بھی 1-2 سے اپنے نام کی تھی۔