27.1 C
Islamabad
منگل, اپریل 22, 2025
ہومتازہ ترینپاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ کی بھاری قیمت چکائی،ہزاروں شہریوں اور...

پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ کی بھاری قیمت چکائی،ہزاروں شہریوں اور سکیورٹی اہلکاروں کو کھودیا، صدر مملکت آصف علی زرداری

- Advertisement -

اسلام آباد۔21اگست (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف دو دہائیوں سے زائد عرصے سے جاری جنگ کی بھاری قیمت چکائی ہے، ہم نے اپنے ہزاروں شہریوں اور سکیورٹی اہلکاروں کو کھودیا، پاکستان کی سابق وزیر اعظم محترمہ بینظیر بھٹو کو بھی دہشتگردوں نے شہید کیا، ملک کے متعدد سیاسی اور مذہبی رہنما بھی دہشتگردوں کے ہاتھوں جان سے ہاتھ دھوبیٹھے، دہشتگردی نے ملکی معیشت کو بھی اربوں ڈالر کا نقصان پہنچایا، پاکستان مخالف قوتیں دہشت گردی کی حمایت، خفیہ مالی معاونت اور یہاں دہشتگردی کی کاروائیوں کے لیے عسکریت پسند بھیج رہی ہیں۔

ایوان صدر کے پریس ونگ سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار متاثرینِ دہشت گردی کی یاد اور خراج تحسین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا جو آج (21 اگست کو )منایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین دہشت گردی کی یاد اور انہیں خراج ِتحسین پیش کرنے کے عالمی دن کے موقع پر ہم دہشتگردی کے تمام متاثرین اور پاکستانی شہریوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں، ہم دہشتگردوں کے خلاف ملکی دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بہادر اہلکاروں کو بھی خراج ِعقیدت پیش کرتے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ یہ دن ہمیں دہشت گرد عناصر کے ہاتھوں اپنے پیاروں کو کھو دینے والے تمام خاندانوں کے درد اور تکالیف کی یاد بھی دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال کا موضوع ”متاثرین ِدہشت گردی بطور امن کے علمبردار اور معلم“ یہ امر اجاگر کرتا ہے کہ زندہ بچ جانے والے افراد امن کے فروغ اور پرتشدد انتہا پسندی کے تباہ کن اثرات بارے آگاہی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہماری قوم نے ان چیلنجوں کے مقابلے میں بے مثال عزم اور استقامت کا مظاہرہ کیا ، پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جس نے کامیابی سے دہشتگرد قوتوں پر قابو پایا اور دو دہائیوں سے یہ جنگ تنہا لڑرہا ہے، ہماری کوششوں کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے اور ہم بین الاقوامی انسدادِ دہشتگردی کی کوششوں میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی ہماری بہادر سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور قوم کی امن و سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں، فوجی آپریشنز جیسے حربی اقدامات سے متعدد دہشتگرد نیٹ ورکس کو کامیابی سے ختم کیا گیا ، علاوہ ازیں قومی ایکشن پلان، دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف پاکستان کے قومی بیانیے اور دیگر سماجی و اقتصادی ترقیاتی منصوبوں جیسے غیر حربی اقدامات سے دہشت گردی کے خلاف کمیونٹی کی صلاحیت کو مستحکم کیا گیا ہے۔

- Advertisement -

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ آج ہم دہشتگرد عناصر کے خلاف فیصلہ کن کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، ہمارا بنیادی مقصد عوام کی حمایت سے دہشتگردی کا مکمل خاتمہ اور ملک کے لیے ایک پرامن مستقبل کا حصول ہے، ہمارا عزم غیر متزلزل ہے اور ہم متاثرین اور ان کے خاندانوں کی مدد کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی ایک عالمی چیلنج ہے جس کے خاتمے کے لیے عالمی برادری کی اجتماعی کوششوں اور تعاون کی ضرورت ہے، ہمیں بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانا ہوگا، انٹیلی جنس شیئرنگ کو بڑھانا ہوگا اور انتہا پسندی اور دہشتگردی کو ہوا دینے والے بنیادی اسباب کا سدِ باب کرنا ہوگا۔ صدر مملکت نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ہم سب مل کر کام کر کے سب کے لیے ایک محفوظ اور پرامن دنیا تشکیل دے سکتے ہیں۔\

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=496019

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں