پاکستان نے رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران مختلف ممالک میں سفری خدمات کی مد میں 205 ملین ڈالر حاصل کیے

146
ادارہ برائے شماریات

اسلام آباد۔3فروری (اے پی پی):پاکستان نے رواں مالی سال 2022-23 کے پہلے پانچ ماہ کے دوران مختلف ممالک میں مختلف سفری خدمات فراہم کر کے 205.130 ملین ڈالر کمائے ہیں۔ادارہ شماریات پاکستان کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال 2021-22 کی اسی مدت کے دوران فراہم کی جانے والی 228.994 ملین ڈالر مالیت کی خدمات کے مقابلے میں یہ 10.42 فیصد کی منفی نمو کو ظاہر کرتا ہے۔

زیر نظر مہینوں کے دوران، ذاتی سفری خدمات میں 10.75 فیصد کمی واقع ہوئی، جو گزشتہ سال 228.104 ملین ڈالر سے جولائی تا نومبر 2022 کے دوران 203.590 ملین ڈالر تک پہنچ گئی۔ذاتی خدمات میں صحت سے متعلق اخراجات کی برآمدات میں 55.56 فیصد جبکہ تعلیم سے متعلق اخراجات میں بھی 17.13 فیصد کی کمی واقع ہوئی۔اس کے علاوہ، دیگر ذاتی خدمات میں 10.31 فیصد کی کمی دیکھی گئی۔

کاروباری خدمات کی برآمدات میں 73.03 فیصد اضافہ ہوا، جو کہ 0.890 ملین ڈالر سے بڑھ کر 1.450 ملین امریکی ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ملک سے خدمات کی برآمدات میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں رواں مالی سال (23-2022) کے پہلے چھ ماہ کے دوران 2.77 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا۔جولائی تا دسمبر (2022-23) کے دوران خدمات کی برآمدات 3526.97 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں جو کہ جولائی تا دسمبر (2021-22) میں 3431.77 ملین ڈالر کی برآمدات کے مقابلے میں 2.77 فیصد اضافہ دکھاتی ہیں۔