پاکستان نے زمبابوے کو 6 وکٹوں سے شکست سے کر تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں1-0کی برتری حاصل کرلی

133

اسلام آباد۔7نومبر (اے پی پی):قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی شاندار82رنز کی بدولت پاکستان نے زمبابوے کو 6 وکٹوں سے شکست سے کر تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں1-0کی برتری حاصل کرلی۔بابر اعظم کو شاندار بلے بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا۔ہفتہ کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور20اوورز میں6وکٹوں کے نقصان پر156رنز بنائے۔زمبابوے کی جانب سے نوجوان بیٹسمین ”مدھیویر“ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری سکور کی وہ 70رنز پر ناقابل شکست رہے۔ ”مدھیویر“ نے9چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ایلٹن چگمبرا نے 21 اورشان ولیمز نے 25 رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے حارث روف اور وہاب ریاض نے 2،2وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان نے مطلوبہ ہدف 18.5اوورز میں4وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا۔ قومی ٹیم کی جانب سے بابراعظم اور فخرزمان نے اننگز کا آغاز کیا، فخر 19 رنز بنانے کے بعد آئوٹ ہوئے اور نوجوان بلے باز حیدر علی صرف 7 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔کپتان بابراعظم اور محمد حفیظ نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار بیٹنگ کی اور36گیندوں پر53رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔ اس دوران بابراعظم نے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور وہ 55 گیندوں پر 82 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد آئوٹ ہوئے جس میں ایک چھکا اور 9 چوکے شامل تھے جب کہ حفیظ 36 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔زمبابوے کی جانب سے مزاربانی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل زمبابوے نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو برینڈن ٹیلر اور کپتان چمو چھبابا نے اننگز کا آغاز کیا تاہم محمد حسنین نے پہلے ہی اوور میں چھبابا کو کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس بھیج دیا۔ٹیلر اور سین ولیمز نے جارحانہ انداز میں کھیل کو آگے بڑھایا تاہم 34 کے مجموعی اسکور پر حارث رئوف نے ٹیلر کو پویلین واپس بھیج دیا وہ 20 رنز بناکر آئوٹ ہوئے اور سین ولیمز کی اننگز عثمان قادر نے 25 رنز پر ختم کی جب کہ سکندر رضا صرف 7 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان دوسرا ٹی20میچ آج اتوار کو کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا اور آخری ٹی20 میچ11نومبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلاجائے گا۔اس سے قبل پاکستان نے زمبابوے کو تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں2-1سے شکست دی تھی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر نے کہا کہ یہ میچ جیتنے کے بعد انہیں کافی اعتماد ملا ہے۔ “میں اپنے پلاننگ کے ساتھ گیا، میرے اور حفیظ کے مابین شراکت نے میچ کو بدلا۔ وکٹ اچھی تھی ، گیند قدرے کم آرہی تھی لیکن کچھ اوورز کے بعد بھی اچھی آئی۔انہوں نے کہا کہ نوجوان ٹیم ہر صورتحال میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے اور اچھی بالنگ کر رہی ہے، عثمان قادر نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ جتنا آپ اپنے کھلاڑیوں کی پشت پناہی کریں گے اتنا ہی انھیں اعتماد ملے گا۔ ہم نے اپنے اہم بولرز کو آرام دیا اور نوجوانوں کو موقع دیا۔ ہم کھلاڑیوں کو باری باری کرنے کی کوشش کریں گے تاکہ ہم دیکھیں کہ ہمارا بینچ کہاں کھڑا ہے۔ بابر اعظم نےکہا کہ شاداب خان بھی فٹ نہیں ہیں کیونکہ ہم انہیں اگلے ٹی ٹونٹی کے لئے چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا وہ بہتر ہو رہا ہے لیکن ہم اسے تیسرے کھیل میں دیکھیں گے۔