پاکستان نے شنگھائی تعاون تنظیم کا مکمل رکن بننے کے لئے میمورینڈم آف اوبلی گیشنز پر دستخط کر دیئے

297

تاشقند ۔ 24 جون (اے پی پی) پاکستان نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کا مکمل رکن بننے کے لئے میمورینڈم آف اوبلی گیشنز پر جمعہ کے روز دستخط کر دیئے جو روس، چین اور وسطی ایشیاءکے دیگر ممالک پر مشتمل سیکورٹی، معیشت اور توانائی تعاون کی ایک کلیدی تنظیم ہے۔ صدر مملکت ممنون حسین نے ازبک دارالحکومت میں منعقد ہونے والے ایس سی او سربراہان مملکت کونسل کے 16 ویں اجلاس میں دستخط کی تقریب میں پاکستان کی نمائندگی کی جبکہ وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے یاداشت پر دستخط کئے۔ دستاویز پر دستخط سے پاکستان نے مکمل رکن بننے کے حوالے سے ایک بڑا قدم عبور کرلیا ہے جبکہ یہ 2005ءسے مبصر کی حیثیت سے تنظیم کا حصہ رہا ہے۔ سربراہ اجلاس میں بھارت نے بھی پاکستان کے ہمراہ میمورنڈم پر دستخط کئے جو تنظیم کی توسیع کے سلسلے میں ایک اہم قدم ہے۔ دستخط سے رکن ملک کی حیثیت سے پاکستان اور بھارت کی شمولیت کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ اس سے قبل ایس سی او میں پاکستان اور بھارت کی شمولیت کے لئے جولائی 2015ءمیں روس کے شہر اوفا میں منعقد ہونے والے ایس سی او سربراہ اجلاس میں منظوری دی گئی تھی۔