اسلام آباد۔17مئی (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان نے صنفی ڈیجیٹل تقسیم کو کم کرنے میں قابل ذکر پیش رفت کی ہے ،جو عالمی سطح پر دیہی خواتین میں ہونے والی سب سے بڑی بہتری ہے ،یہ کامیابیاں پاکستان کی وسیع تر ڈیجیٹل تبدیلی کی عکاس ہیں، پاکستان شمولیت کے فروغ، خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے ڈیجیٹل ماحولیاتی نظام کے فروغ کے لیے پرعزم ہے ۔
ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ورلڈ ٹیلی کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن سوسائٹی ڈے 2025 کے موقع پر ہفتہ کو اپنے پیغام میں کیا۔ وزیراعظم آفس پریس ونگ کی جانب سے جاری بیان میں وزیر اعظم نے عالمی ٹیلی کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن سوسائٹی ڈے کے موقع پر انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکیشن یونین (آئی ٹی یو ) کی قیادت کو دنیا بھر میں جامع اور مساوی ڈیجیٹل ترقی کو آگے بڑھانے پر پرتپاک مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال کا تھیم’’ڈیجیٹل تبدیلی کے معاملات میں صنفی مساوات کیوں ضروری؟‘‘ فوری ایکشن مانگتا ہے، اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ تکنیکی ترقی کے فوائد کو معاشرے کے تمام اراکین کو یکساں طور پر ملیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے صنفی ڈیجیٹل تقسیم کو کم کرنے میں قابل ذکر پیش رفت کی ہے۔ 25-2024 میں 80 لاکھ مزید خواتین نے موبائل انٹرنیٹ تک رسائی حاصل کی جس سے صنفی فرق 38 فیصد سے کم ہو کر 25 فٖیصد ہوگیا ہے جو عالمی سطح پر دیہی خواتین میں واقع ہونے والی سب سے بڑی بہتری ہے، یہ کامیابیاں پاکستان کی وسیع تر ڈیجیٹل تبدیلی کا حصہ ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان نے 200 ملین ٹیلی کام سبسکرپشنز، 150 ملین براڈ بینڈ صارفین اور 2 ملین FTTH کنکشنز کو عبور کر لیا ہے جبکہ ڈیٹا کے استعمال میں 24.25 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ہماری موبائل مینوفیکچرنگ میں 47.46 فیصد اضافہ ہوا اور اعلیٰ صلاحیت والی آبدوز کیبلز کے ذریعے بین الاقوامی رابطوں میں اضافہ ہوا،آج پاکستان کا موبائل ایکو سسٹم معیشت میں 16.7 ارب ڈالر کا شراکتدار ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان ایک ایسے ڈیجیٹل ماحولیاتی نظام کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے جو شمولیت کو فروغ دے، خواتین کو بااختیار بنائے اور کسی کو پیچھے نہ چھوڑے۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ٹارگٹڈ پالیسیوں، مہارتوں کے فروغ کے پروگراموں اور صنفی حساس ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے ذریعے ہم اس بات کو یقینی بنارہے ہیں کہ خواتین اور لڑکیاں ہمارے معاشرے کی ڈیجیٹل تبدیلی میں فعال طور پر حصہ لے سکیں اور اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔وزیر اعظم نے ورلڈ ٹیلی کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن سوسائٹی ڈے 2025 پر تمام سٹیک ہولڈرز سے صنفی ڈیجیٹل تبدیلی کے فروغ اور ایک جامع اور بااختیار ڈیجیٹل پاکستان کی تعمیر جاری رکھنے کی اپیل بھی کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=598191