پاکستان نے فخرزمان کی ریکارڈسازاننگز کی بدولت نیوزی لینڈ کوشکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کر لی

165
پاکستان نے فخرزمان کی ریکارڈسازاننگز کی بدولت نیوزی لینڈ کوشکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کر لی

راولپنڈی۔30اپریل (اے پی پی):پاکستان نے فخر زمان کی ریکارڈ ساز اننگز کی بدولت نیوزی لینڈ کو دوسرے ون ڈے میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کر لی ، گرین شرٹس نے 337 رنز کا ہدف 49 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ، فخر زمان نے سیریز میں مسلسل دوسری سنچری سکور کی اور 180 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا ، بابر اعظم 65 اور محمد رضوان 54 رنز بنا کر نمایاں رہے

، نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل کی مسلسل دوسری سنچری بھی ٹیم کے کام نہ آسکی ، فخر زمان کو مرد میدان قرار دیا گیا ، دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا ون ڈے میچ 3 مئی کو کراچی میں کھیلا جائے گا ، ہفتہ کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا ، کیوی اوپنرز نے 33 رنز کا آغاز فراہم کیا ، ول ینگ پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 19 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے ، جیڈ بوز اور ڈیرل مچل نے دوسری وکٹ میں 86 رنز کا اضافہ کیا ، جیڈ بوز 51 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے ، اس کے بعد ڈیرل مچل اور کپتان ٹام لیتھم نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور تیسری وکٹ میں 183 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کا سکور 302 تک پہنچا دیا

، ڈیرل مچل نے مسلسل دوسری سنچری سکور کی 129 رنز بنانے کے بعد نسیم شاہ کی گیند پر محمد نواز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے ، ٹام لیتھم نے بھی عمدہ بیٹنگ کی 98 رنز بنانے کے بعد حارث رؤف کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ، بدقسمتی سے وہ 2 رنز کے فرق سے کیرئیر کی آٹھویں سنچری مکمل نہ کر سکے ، مارک چیپمین ایک رن بنا کر حارث رؤف کا شکار بنے ، جیمز نیشم 17 اور ہینری نکولس 6 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے ، اس طرح نیوزی لینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 336 رنز بنائے جو راولپنڈی اسٹیڈیم میں سب سے بڑا ٹوٹل ہے ، پاکستان کی طرف سے حارث رؤف سب سے کامیاب باؤلر رہے ،

انہوں نے 78 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، نسیم شاہ کے حصے میں ایک وکٹ آئی جبکہ کیریئر کا پہلا میچ کھیلنے والے فاسٹ باؤلر احسان اللہ کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے ، انہوں نے 8 اوورز میں 60 رنز دیئے ، جواب میں پاکستان نے مطلوبہ ہدف فخر زمان کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت 48.2 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ، فخر زمان نے کیوی باؤلرز کو گراؤنڈ کے چاروں طرف دلکش سٹروک کھیلے اور 144 گیندوں پر 180 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر پاکستان کی فتح میں اہم کردار ادا کیا ، ان کی اننگز میں 6 چھکے اور 17 چوکے شامل تھے ، وہ ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین تین ہزار رنز بنانے والے ایشین کرکٹر بھی بن گئے ہیں ، بابر اعظم نے 65 اور محمد رضوان نے 54 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ، نیوزی لینڈ کی طرف سے میٹ ہینری ، ہینری شپلی اور ایش سودھی نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی ، فخر زمان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔