پاکستان نے فرانس، سویٹزرلینڈ اورچین کے ساتھ 1.7 ارب ڈالر کے قرضوں کی ری شیڈولنگ کے معاہدوں پردستخط کردئیے

74

اسلام آباد۔21دسمبر (اے پی پی):پاکستان نے گروپ 20 بشمول پیرس کلب کے قرضوں کی ری شیڈولنگ کے اقدام ڈی ایس ایس آئی کے تحت فرانس، سویٹزرلینڈ اورچین کے ساتھ 1.7 ارب ڈالر کے قرضوں کی ری شیڈولنگ کے معاہدوں پردستخط کردئیے۔وزارت اقتصادی امورکی طرف سے پیرکویہاں جاری کردہ اعلامیہ میں کہاگیاہے کہ کورونا وائرس کی عالمگیروبا سے موثرطریقہ سے نمٹنے اورطبی مقاصدکیلئے وسائل مختص کرنے میں سہولت فراہم کے ضمن میں گروپ 20 کے رکن ممالک بشمول پیرس کلب نے قرضوں کے معطلی کا اقدام (ڈی ایس ایس آئی) شروع کیاتھا۔حکومت پاکستان نے اس اقدام کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 21 قرض دینے والے ممالک اوراداروں کے ساتھ 1.7 ارب ڈالرکے قرضہ کو موخرکرنے کیلئے مذاکرات کئے۔اعلامیہ میں کہاگیاہے کہ پاکستان کی حکومت نے پیرس کلب سمیت 19 دوطرفہ کریڈیٹرز کے ساتھ قرضہ جات کوموخرکرنے کیلئے کامیاب مذاکرات کئے ۔ وزارت اقتصادی امورنے پیر کواس ضمن میں فرانس، سویٹزرلینڈ اورچین کے ساتھ قرضوں کی ری شیڈولنگ کے معاہدوں پردستخط کئے۔ معاہدوں پردستخط کرنے کی تقریب میں متعلقہ ممالک کے سفارت کاروں اورسینئیراہلکاروں نے شرکت کی۔وزارت اقتصادی امورکے سیکرٹری نوراحمد نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے گروپ 20ممالک اورپیرس کلب کی جانب سے قرضوں کی ری شیڈولنگ کے اقدام کی تعریف کی۔انہوں نے کہاکہ گروپ 20ممالک اورپیرس کلب کا یہ اقدام بروقت تھا اوراس سے پاکستان کو اپنے لاکھوں شہریوں کی زندگیوں اورروزگارومعاش کو تحفظ دینے میں بڑی مدد ملی ہے۔