پاکستان نے مسئلہ کشمیر مختلف بین الاقوامی فورمز پر کامیابی سے اٹھایا ہے، فخر امام

56
پاکستان میں اس سال 4 فصلوں میں ریکارڈ پیداوار ہوئی ، یوریا کھاد کی قلت نہیں،ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کریں گے، سید فخرامام

اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ فخر امام نے کہاہے کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لئے مختلف بین الاقوامی فورمز پر کامیابی سے مسئلہ کشمیر کو اٹھایا ہے۔جمعہ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی برادری نے پاکستان کے اس موقف کی تائید کی ہے کہ کشمیر یکطرفہ مسئلہ نہیں ہے، بلاشبہ یہ پاکستان کی سفارتی فتح ہے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیامیں امن و استحکام اقوام متحدہ کی قراردادوں کے چارٹر کے تحت مسئلہ کشمیر پر پاک بھارت مذاکرات کے بغیر ممکن نہیں ہے۔فخر امام نے کہا کہ کشمیری عوام گذشتہ 7دہائیوں سے اپنے حق خود ارادیت کے لئے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں بدترین مظالم کا ارتکاب کررہی ہے اور پیلٹ گنوں اور دیگر مہلک ہتھیاروں کے ذریعہ کشمیریوں کو اندھا کر رہی ہے ، جبکہ بھارتی حکومت خطے میں تسلط اور توسیع پسندی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔حالیہ چین اور بھارت کشیدگی کے دوران بھارت کو شدید شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔