21.1 C
Islamabad
جمعرات, ستمبر 4, 2025
ہومقومی خبریںپاکستان نے موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرات سے نمٹنے کیلئے بین الاقوامی مالیاتی...

پاکستان نے موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرات سے نمٹنے کیلئے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے 1 ارب ڈالر کی فنڈنگ کی باضابطہ درخواست کی ہے،آئندہ سال جون کے آخرتک پانڈابانڈکے اجراء کاہدف ہے، وزیرخزانہ محمداورنگزیب کابرطانوی خبررساں ادارہ کوانٹرویو

- Advertisement -

اسلام آباد۔24اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹرمحمداورنگزیب نے کہاہے کہ پاکستان نے موسمیاتی تبدیلیوں کے خطرات سے نمٹنے کیلئے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے 1 ارب ڈالر کی فنڈنگ کی باضابطہ درخواست کی ہے۔ واشنگٹن میں آئی ایم ایف اوربین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے موسم خزاں کے سالانہ اجلاس کے موقع پر برطانوی خبررساں ادارہ کوانٹرویودیتے ہوئے وزیرخزانہ نے کہاکہ پاکستان نے ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلیٹی ٹرسٹ سہولت کے تحت فنڈز کے حصول کیلئے باضابطہ طور پر درخواست دی ہے ۔

آئی ایم ایف نے 2022 میں ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلیٹی ٹرسٹ قائم کیاتھا، موسمیاتی تبدیلیوں سے موزونیت اور ماحول دوست توانائی کی طرف منتقلی کیلئے اس سہولت کے تحت نرم اورآسان شرائط پر طویل مدتی فنڈز فراہم کئے جاتے ہیں۔وزیرخزانہ نے کہاکہ ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان اس سہولت کے لیے غور کیے جانے کے لیے ایک بہترین امیدوار ہیں، آئندہ چند مہینوں میں اس درخواست کو مکمل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

- Advertisement -

وزیرخزانہ نے کہاکہ پاکستان ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے ساتھ پانڈا بانڈ کے لیے کریڈٹ اینہانسمنٹ پر بھی بات چیت کر رہا ہے، ہمارا مقصد جون کے آخر تک ابتدائی طور پر 200 سے 250 ملین ڈالر مالیت کے بانڈزکااجراہے، پانڈا بانڈ چین کی کیپیٹل مارکیٹ میں پاکستان کا پہلا قدم ہو گا۔ ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے علاوہ ”کچھ دیگر اداروں ” کے ساتھ بھی کریڈٹ اینہانسمنٹ کے لیے بات چیت ہورہی ہے۔ وزیرخزانہ نے کہاکہ چین دنیا کی دوسری سب سے بڑی اور دوسری سب سے گہری” کیپیٹل مارکیٹ ہے، اس مارکیٹ میں حجم نہیں بلکہ بانڈ کا اجراء اہم ہدف ہے،

وزیرخزانہ نے کہاکہ ہمارے لیے یہ فنڈنگ کے ذرائع کو متنوع بنانا ضروری ہے۔ اگر افتتاحی اجراء کا حجم زیادہ نہ بھی ہو اس کے باوجود ہمارے لیے اہم یہ ہے کہ ہم اسے جاری کریں اور ظاہر ہے کہ پھر ہم اسے دستیاب رکھ سکتے ہیں۔وزیرخزانہ نے کہاکہ پاکستان نے مشرق وسطیٰ کے بینکوں کے ساتھ تجارتی قرضوں کے بارے میں بات چیت کی ہے اور ایک بینک نے ”نسبتاً اہم پیشکش” بھی جمع کروائی ہے۔ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر مارچ کے آخر تک 13 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے، جو کہ تجارتی قرضوں اور ممکنہ طور پر ملک کی کریڈٹ ریٹنگ میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔سٹیٹ بینک کے مطابق پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 18 اکتوبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں 11.04 ارب ڈالر تک پہنچ گئے تھے۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں