کوئٹہ۔ 31 مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہاہے کہ پاکستان نے نہ صرف بھارت کو جنگ میں شکست دی بلکہ اسےسفارتی سطح پر بھی منہ کی کھانی پڑی ہے ،بھارت کو پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی ہرگزاجازت نہیں دینگے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ کامیاب معاہدے سے ملکی معیشت کو استحکام ملا ، پاکستان کی معاشی استحکام کیلئے اصلاحات ناگزیر ہیں ،موجودہ حکومت نے کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی ہے ، مہنگائی کی شرح 38فیصد سے کم ہوکر سنگل ڈیجٹ تک آگئی ہے ، جدت کو اپناتے ہوئے کرپٹو اور بلاک چین ٹیکنالوجی کااجرا کررہے ہیں ،
وفاقی حکومت کی توجہ معیشت ،اصلاحات اور انسداد دہشتگردی پر مرکوز ہے ،چین ،سعودی عرب ،ترکیہ ،قطر اور خلیجی ممالک بہترین دوست ہیں جنہوں نے مشکلات وقت میں بھرپور ساتھ دیاہے، عظیم اقوام میں شامل ہونے کیلئے سخت محنت کرناہوگی۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ہفتہ کو کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ میں آفیسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر،وزیراعلی بلوچستان میرسرفراز بگٹی ،وفاقی وزرا ءاحسن اقبال ،عطا اللہ تارڑ،کورکمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان ،ڈی جی آئی ایس پی آراحمد شریف چوہدری ودیگر بھی موجود تھے ۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہاکہ کمانڈ اینڈ سٹاف کالج نے ہمیشہ شاندار خدمات سرانجام دی ہیں ،کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج میں مختلف ممالک سے آئے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہیں مہمانوں کی آمد اور یہاں موجودگی ہمارے بہترین تعلقات کی عکاس ہے ۔انہوں نے کہاکہ آج عام محاذ کی بجائے مختلف جہتوں میں صلاحیتوں کاامتحان ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعہ کی آڑ میں بھارت کی جانب سے کئے گئے اقدامات کا بھرپور جواب دیاگیا۔بھارت نے جارحیت کرتے ہوئے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا اور جواب میں پاکستان ائیرفورس نے تاریخی کارنامہ سرانجام دیتے ہوئے 7ہائی ویلیو ٹارگٹ کو نشانہ بنایا،ہماری مسلح افواج نے بہترین خدمات سرانجام دیں اوراس ادارے نے فرائض کی انجام دہی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ،پہلگام واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی بجائے بھارت کی جانب سے الزام تراشی شروع کی گئی اور پاکستان کے خلاف جارحیت کی گئی۔
بھارت نے ایک بار پھر پروپیگنڈا پھیلانے کی کوشش کی ۔وزیراعظم نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب سے بتایاگیا تھا کہ ہم ہرقسم کی جنگ کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں ،انہوں نے کہاکہ پاکستان کو فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے باعث نہ صرف تاریخی کامیابی ملی بلکہ پاکستان نے بھارت کو زمین اور فضا سے بھرپور جواب دیتے ہوئے ا س کے میزائل ڈیفنس سسٹم کونشانہ بنایا، ائیرچیف مارشل ظہیر احمد بابر نے بھی پروفیشنلزم کی ایک عمدہ مثال قائم کی ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور عوام اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہیں اور اللہ تعالی نے ہمیں شاندار فتح سے نوازا ، خطے میں امن وامان اور خوشحالی کیلئے سیز فائرکیا ،پاکستان نے نہ صرف بھارت کو جنگ میں شکست دی بلکہ سفارتی سطح پر بھی بھارت کو منہ کی کھانی پڑی ،بھارت کی جانب سے آئندہ بھی کوئی مہم جوئی ہوئی تو اس کا منہ توڑ جواب دیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت کی محافظ ہیں بلکہ حالیہ کشیدگی کے بعد ہماری افواج اور قوم کا مورال مزید بلند ہوا ہے ۔
وزیراعظم نے کہاکہ بھارت پانی کو بطور ہتھیار استعمال کررہاہے لیکن بھارت کو پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی اجازت کسی صورت نہیں دینگے ،پانی ہمارے لئے ریڈ لائن ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کو درپیش خطرات صرف روایتی میدان جنگ تک محدود نہیں ہے ۔انہوں نے دیگر چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب میں نے 16ماہ کی مدت کیلئے وزارت اعظمی کی کرسی سنبھالی تو حالات مشکل تھے لیکن ناممکن نہیں ،انہوں نے کہاکہ ہمیں بحیثیت قوم اس لمحے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے ۔
انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف کے ساتھ کامیاب معاہدے سے ملکی معیشت کو استحکام ملا ہے پاکستان کی ترقی کیلئے ضروری ہے کہ معاشی استحکام کیلئے بنیادی سطح پر اصلاحات کی جائیں اور عظیم قوموں میں اپنا نام شامل کرنے کیلئے سخت محنت شرط ہے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی ہے ،حکومت نے ہر محاذ پر عظیم کامیابیاں سمیٹی ہیں، مارچ 2024 میں اصلاحات کاآغاز کیا گزشتہ سال کے مقابلے میں موجودہ محصولات 28فیصد زیادہ ہیں جو بڑی کامیابی ہے ،کراچی بندرگاہ پر فیس لیس اسسسمنٹ سسٹم رائج کیاگیاہے معاشی بہتری سے عام آدمی کی زندگی میں بہتری آئی ہے بلکہ مہنگائی کی شرح 38فیصد سے کم ہوکر سنگل ڈیجٹ تک آگئی ہے اور پاکستانی روپیہ مستحکم ہواہے۔
انہوں نے کہاکہ اپنی محنت سے خطہ ارض کو دنیا کیلئے مثالی بنائیں گے کیونکہ محنت وہ گوہر نایاب ہے جس سے کامیابی ملتی ہے ،ہم نے مشکل فیصلے لئیے ۔معیشت کی بہتری کیلئے حکومت نے اسمگلنگ پر قابو پاکر معاشی نظام کو مستحکم بنایاہے ،بجلی کی چوری کا خاتمہ یقینی بنایاگیاہے۔ انہوں نے کہاکہ درپیش چیلنجز سے آہنی عزم کے ساتھ نمٹیں گے بلکہ جدت کو اپناتے ہوئے کرپٹو اور بلاک چین ٹیکنالوجی کااجرا کررہے ہیں ۔
وفاقی حکومت کی معیشت ،اصلاحات اور انسداد دہشتگردی پر توجہ مرکوز ہے ،سعودی عرب پاکستان کا بہترین دوست ہے ،خلیجی ممالک کے ساتھ پاکستان کے بہترین تعلقات ہیں ۔چین کے ساتھ دوستی ہر آزمائش پر پورا اتری ہے ،ترکیہ ،قطر اور دیگر دوست ممالک نے مشکل وقت میں بھرپور ساتھ دیاہے ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=603758