پاکستان نے نیوزی لینڈ کو تیسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں جیت کے لئے 288 رنز کا ہدف دے دیا

161
کراچی۔3مئی  (اے پی پی):پاکستان نے نیوزی لینڈ کو تیسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں جیت کے لئے 288 رنز کا ہدف دیا ہے، قومی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 287 رنز بنائے۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں بدھ کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے جارہے پانچ میچوں کی سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو تیسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں جیت کے لئے 288 رنز کا ہدف دیا ہے۔
پاکستانی ٹیم نے پاور پلے کے ابتدائی 10 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر صرف 40 رنز جبکہ 75 گیندوں پر مجموعی طورپر 50 رنز بنائے  ۔ اسی طرح اپنی اننگز کے 100 رنز134 گیندوں پر مکمل کئے۔قومی ٹیم کی پہلی وکٹ 8.2 اوورز میں گری،سیریز کے ابتدائی دو میچوں میں سنچری اسکور کرنے والے اوپنر فخرزمان صرف 19 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ کپتان بابراعظم 62 گیندوں پر ایک چھکا اور تین چوکوں کی مدد سے 54 رنز بناکر میٹ ہنری کی گیند پر بولڈ ہوئے۔
امام اور بابر نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 121 گیندوں پر 108 رنز بنائے۔ قومی ٹیم کے اوپنر امام الحق نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے، انہوں نے 38 اوورز تک بیٹنگ کی اور 107 گیندوں پر ایک چھکے اور 7 چوکوں کی مدد سے 90 رنز بنائے اور وہ ایڈم ملنے کی گیند پر بولڈ آئوٹ ہوئے۔رضوان 32، سلمان آغا 31اورعبداللہ شفیق 19 رنز بناکر آئوٹ ہوئے جبکہ شاداب 21 اور محمدنواز11 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔
نیوزی لینڈ کے میٹ ہنری نے اپنے مقررہ 10 اوورز میں 54 رنز کے عوض 3 اور ایڈم ملنے نے 56 رنز دیکر 2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ کول میک کونچی ایک وکٹ حاصل کرسکے۔