پاکستان نے نیوزی لینڈ کو میچ جیتنے کے لئے 335 رنز کا ہدف دے دیا

220
پاکستان نے نیوزی لینڈ کو میچ جیتنے کے لئے 335 رنز کا ہدف دے دیا

کراچی۔5مئی (اے پی پی):پاکستان نے نیوزی لینڈ کو میچ جیتنے کے لئے 335 رنز کا ہدف دے دیا، قومی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر334 رنز بنائے۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جمعہ کو کھیلے جارہے پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو میچ جیتنے کے لئے 335 رنز کا ہدف دیا ہے،پاکستان نے اپنے ابتدائی 10 اوورز کے پاور پلے میں ایک وکٹ کے نقصان پر 53 رنز بنائے اور پہلے پچاس رنز 9.2 اوورز میں مکمل کئے جبکہ 112 گیندوں پر 100 رنز بنائے۔

کپتان بابراعظم نے 113 گیندوں پر9 چوکوں کی مدد سے اپنی شاندارسنچری مکمل کی، وہ 117 گیندوں پر 10 چوکوں کی مدد سے 107 رنز بناکر بین لِسٹرکی گیند پرمیک کونچی کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔اننگز کے دوران بابراعظم نے ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں اپنے 5 ہزار رنز مکمل کئے۔بابر اعظم 100سے کم اننگز میں 5ہزار رنز بنانے والے پہلے کرکٹر ہیں، انہوں نے 97اننگز میں یہ سنگ میل عبور کیا۔اس سے قبل جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ نے 101اننگز میں 5 ہزار رنز بنائے تھے،

ویوین چرڈز اور ویرات کوہلی نے 114 ، 114 اننگز کھیل کر پانچ ہزار رنز کئے تھے۔بابر اعظم ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں 5 ہزار رنزبنانے والے 14 ویں پاکستانی ہیں۔ بابر اعظم اور آغا سلمان کے درمیان چوتھی وکٹ کی شراکت میں 117 رنز کا اضافہ ہوا۔آغاسلمان 45 گیندوں پر 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 58 رنز بناکر آئوٹ ہوئے، انہیں میٹ ہنری نے اپنی ہی گیند پر کیچ آئوٹ کیا۔شان مسعود نے 55 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 44 رنز بنائے اور وہ ایش سودھی کی گیند پروکٹ کیپر ٹام بلنڈل کے ہاتھوں اسٹمپ آئوٹ ہوئے۔

شاہین شاہ آفریدی نے دھواں دھار اننگز کھیلتے ہوئے 7 گیندوں پر 3 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے ناقابل شکست 23 رنز بنائے جبکہ محمد حارث بھی 8 گیندوں پر ایک چھکا اور ایک چوکے کی مدد سے 17 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔افتخار احمد 28، محمد رضوان 24اورفخرزمان 14 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ کے میٹ ہنری نے اپنے مقررہ 10 اوورز میں 65 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں، انہوں نے ایک میڈان اوور بھی کرایا۔ ایش سودھی اوربین لِسٹر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔