کراچی۔6جنوری (اے پی پی):پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں کھانے کے وقفہ پر 5 وکٹوں کے نقصان پر 125 رنز بنالئے،میچ میں شکست سے بچنے کے لئے مزید 184 رنز درکارہیں۔ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے میچ کے پانچویں اور آخری روز جمعہ کو شکست سے بچنے کے لئے پاکستان کو مذید 184 رنز درکارہیں اور اس کی 5 وکٹیں باقی ہیں،
قومی ٹیم کومیچ ڈرا کرنے کے لئے سارا دن بیٹنگ کرنی ہوگی۔پانچویں روز امام الحق اورشان مسعود نے اپنی دوسری نامکمل اننگزکا آغاز کیا لیکن مجموعی اسکور جب 12.1 اوورز میں 35 رنز پر پہنچا تو امام الحق صرف 12 رنز پرسودی کی ایک ٹرن گیند کو سمجھ نہیں سکے اور گیندبلے اور پیڈ کے درمیان سے ہوتا ہواآف سٹمپ پر جالگا،اس طرح وہ آئوٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے، انہوں نے اپنی اننگز میں 26 گیندوں کا سامنا کیا اور 2 چوکے لگائے۔جس کے بعد شان مسعود اور بابراعظم کے درمیان چوتھی وکٹ کی شراکت میں 42 رنز کا اضافہ ہوا تاہم22.4 اوورز میں مجموعی اسکور 77 رنز پرکپتان بابراعظم 41 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 27رنز پر بریسویل کی گیند پر لیتھم کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔
بدقسمتی سے فورا بعد ہی شان مسعود66 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 35 رنز پر بریسویل کی گیند پرمڈ آف پر کین ولیمسن کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ سرفراز احمد اور سعود شکیل نے بالترتیب 29 اور 16 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم کے گذشتہ روز صفر پر دو کھلاڑی عبداللہ شفیق اور نائٹ واچ مین میرحمزہ پویلین لوٹ چکے تھے۔ نیوزی لینڈ نے 277 کے مجموعی سکور پر اننگز ڈیکلیئر کرکے پاکستان کو جیت کے لئے 319 رنز کا ہدف دیاتھا۔ایش سودھی،مائیکل بریسویل نے دو،دووکٹ حاصل کی ہیں جبکہ ٹم سائو تھی نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا ہے۔