کراچی۔6جنوری (اے پی پی):پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں چائے کے وقفہ پر62 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بنالئے اور اسے میچ میں فتح کے لئے مزید 140 رنز جبکہ کیویز کو 5 وکٹیں درکارہیں، دوسرے سیشن میں پاکستان کی کوئی وکٹ نہیں گری اور چھٹی وکٹ کی شراکت میں سرفراز احمداور سعودشکیل کے درمیان 99 رنز کی شراکت قائم ہوچکی ہے۔
نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے جمعہ کو میچ کے پانچویں اور آخری روز شکست سے بچنے کے لئے پاکستان کو مذید 140 رنز درکارہیں اور اس کی 5 وکٹیں باقی ہیں۔ قومی ٹیم کومیچ ڈرا کرنے کے لئے چائے کے وقفے کے بعد بھی سارا دن بیٹنگ کرنی ہوگی۔سرفراز احمد اور سعود شکیل بالترتیب 65 اور 27 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔پانچویں روز امام الحق اورشان مسعود نے اپنی دوسری نامکمل اننگزکا آغاز کیا لیکن مجموعی سکور جب 12.1 اوورز میں 35 رنز پر پہنچا تو امام الحق صرف 12 رنز پر سودی کی ایک ٹرن گیند کو سمجھ نہیں سکے اور گیندبلے اور پیڈ کے درمیان سے ہوتا ہواآف سٹمپ پر جالگا،اس طرح وہ آئوٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔
انہوں نے اپنی اننگز میں 26 گیندوں کا سامنا کیا اور 2 چوکے لگائے۔جس کے بعد شان مسعود اور بابراعظم کے درمیان چوتھی وکٹ کی شراکت میں 42 رنز کا اضافہ ہوا تاہم22.4 اوورز میں مجموعی اسکور 77 رنز پرکپتان بابراعظم 41 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 27رنز پر بریسویل کی گیند پر لیتھم کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔بدقسمتی سے فورا بعد ہی شان مسعود66 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 35 رنز پر بریسویل کی گیند پرمڈ آف پر ویلیمسن کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم کے گذشتہ روز صفر پر دو کھلاڑی عبداللہ شفیق اور نائٹ واچ مین میرحمزہ پویلین لوٹ چکے تھے۔ نیوزی لینڈ نے 277کے مجموعی سکور پر اننگز ڈیکلیئر کرکے پاکستان کو جیت کے لئے 319رنز کا ہدف دیاتھا۔ایش سودھی،مائیکل بریسویل نے دو،دووکٹ حاصل کی ہیں جبکہ ٹم سائو تھی نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا ہے۔