پاکستان نے ورلڈکپ کی تاریخ میں سب سے بڑا ہدف حاصل کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا

258
ورلڈکپ میں تاریخ سازفتح ، پاکستانی ڈریسنگ روم میں جذباتی مناظر،کھلاڑیوں نے رضوان کو کندھوں پر اٹھا لیا

حیدرآباد۔10اکتوبر (اے پی پی):پاکستان نے آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کرکٹ ٹورنامنٹس کی تاریخ میں سب سے بڑا ہدف حاصل کر کے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا، گرین شرٹس نے سری لنکا کے خلاف 345 رنز کا ہدف کامیابی سے حاصل کر کے یہ سنگ میل عبور کیا، اس سے قبل ون ڈے ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز کا کامیابی سے تعاقب کرنے کا ریکارڈ آئرلینڈ کے پاس تھا، آئرلینڈ نے بھارت میں2011 ء کے ورلڈ کپ کے دوران انگلینڈ کے خلاف 329 رنز کا ہدف حاصل کرکے ورلڈ ریکارڈ قائم کیا تھا۔

منگل کو آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے میچ میں پاکستان نے محمد رضوان اور عبداللہ شفیق کی شاندار سنچریوں کی بدولت سری لنکا کو شکست دے کر تاریخ رقم کی۔ پاکستان کی ورلڈ کپ مقابلوں میں سری لنکا کے خلاف مسلسل آٹھویں فتح ہے۔ ون ڈے ورلڈ کپ کے13 ایڈیشنز میں،300 سے زیادہ رنز کا تعاقب صرف چند بار ہی حاصل کیا جا سکا ہے۔