اسلام آباد۔31جولائی (اے پی پی):دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل پیٹریشیا سکاٹ لینڈ نے کہا ہے کہ پاکستان نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے لئے مواقع ، وسائل اور مدد فراہم کرنے میں نمایاں کام کیا ہے، چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمدخان کی قیادت میں یہ پروگرام نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے نمایاں اقدامات کر رہا ہے،نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ملک کے خوشحال مستقبل کے لئے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے، دولت مشترکہ ینگ انٹرپریوینیور ز اور انوویٹرز کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لئے پر عزم ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے بدھ کو ینگ انٹرپرینیورز ایوارڈز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتےہوئے کیا ۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان میں گرم جوش استقبال اور میزبانی پر پاکستانی عوام اور حکومت کی مشکور ہوں۔ میں نے پاکستانی لباس پہناہے جس سے ثابت ہوتاہے کہ میں بھی پاکستانی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے وزیراعظم کی قیادت میں حکومت پاکستان کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔ پاکستان کی جانب سے دولت مشترکہ کے چارٹرڈ کے مطابق نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ نوجوانوں کو روزگار اور کاروبار کی سہولیات فراہم کرنے کی کوششیں ان کے عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیابھر میں 60 فیصد نوجوان 30 سال سے کم عمر کے ہیں جبکہ پاکستان میں 65 فیصد نوجوانوں کی عمر 30 سال سے کم ہے۔
پاکستان ان نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کی تربیت دے کر اور ہنر مند بنا کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتا ہے اور یہ نوجوان دنیاکی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لئے پر امید ہیں اور ان کی کامیابی کے لئے ہر ممکن تعاون اور شراکت داری کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ان نوجوانوں کا حوصلہ وعزم قومی ترقی کےلئے اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دولت مشترکہ ان نوجوانوں کی ملکی معاشی ترقی میں کردار کا معترف ہے۔ یہ نوجوان تبدیلی کا اہم عنصر ہیں۔ ملک کا مستقبل ان کے ہاتھوں میں ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے لئے مواقع ، وسائل اور مدد فراہم کرنے میں نمایاں کام کیا ہے۔
چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمدخان کی قیادت میں یہ پروگرام نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے نمایاں اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ملک کے خوشحال مستقبل کے لئے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دولت مشترکہ ینگ انٹرپریوینیور ز اور انوویٹرز کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لئے پر عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایوارڈ حاصل کرنے والے مستقبل میں بھی کامیابیاں حاصل کریں گے، انہیں تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا کے تناظر میں اپنے آپ کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ مصنوعی ذہانت کی اربوں ڈالر کی مارکیٹ ہے جس سے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تیزی سے ترقی کرے گا اور دولت مشترکہ اس میں پاکستان کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتےہوئے چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمدخان نے کہا کہ دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل پیٹریشیا سکاٹ لینڈ کا پاکستان آمد پر خیر مقدم کرتےہیں۔ ان کے دورہ پاکستان سے دولت مشترکہ کے ساتھ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ انہو ں نے کہاکہ دولت مشترکہ کے وفد کے ساتھ ملاقات کے دوران تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مستحکم کرنے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے نوجوانوں کو مالی طورپر بااختیار بنانے پر توجہ مرکوز کررکھی ہے۔ چیلنجز کے باوجود ملک کو درست سمت میں گامزن کردیا ہے۔
صدر ایف پی سی سی آئی کی ایڈوائزر افشاں ملک نے تقریب سے خطاب کرتےہوئے کہاکہ کاروباری نوجوانوں کا عزم وہمت قابل تعریف ہے ، یہ نوجوان ملکی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ،پاکستان کے دولت مشترکہ کے ساتھ تجارتی و کاروباری تعلقات ہیں۔دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل پیٹریشیا سکاٹ لینڈ کے دورہ پاکستان سے یہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ اس موقع پر ڈاکیومنٹری بھی پیش کی گئی۔