اسلام آباد ۔ 28 جون (اے پی پی) پاکستان میں اقوام متحدہ کے دفتر نے پائیدار ترقیاتی اہداف(ایس ڈی جیز) فریم ورک کے تحت ترقیاتی چیلنجوں پر قابو پانے کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پہلا ملک تھا جس نے پائیدار ترقیاتی اہداف کو قومی ایجنڈے میںشامل کیا۔ پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر نیل بھونے نے گزشتہ روز ایک ویڈیو نیوز بریفنگ کے دوران اعلی سیاسی فورم 2019ءبرائے پائیدار ترقیاتی اہداف کے حوالے سے جائزہ پیش کیا۔ یو این کوآرڈینیٹر نے کہا کہ پاکستان نے سب سے پہلے یو این ایس ڈی جیز کا آغاز اور اسے اپنایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایس ڈی جیز کو اپنے قومی اہداف میں شامل کرنے والا پہلا ملک تھا۔ یو این ایس ڈی جیز فریم ورک کے تحت ترقیاتی چیلنجوں پر قابو پانے کیلئے پاکستان کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔