پاکستان نے پاک۔چین مشترکہ اعلامیہ سے متعلق بھارتی وزارت خارجہ کے ریمارکس کو مسترد کردیا، ترجمان دفتر خارجہ

100

اسلام آباد ۔ 18 مارچ (اے پی پی) پاکستان نے پاک۔چین مشترکہ اعلامیہ سے متعلق بھارتی وزارت خارجہ کے ریمارکس کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کو اٹوٹ انگ قرار دینے سے متعلق بھارت کا دعویٰ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ بدھ کو ترجمان دفتر خارجہ نے پاک۔چین مشترکہ اعلامیہ سے متعلق بھارتی وزارت خارجہ امور کے تبصرہ کو مسترد کیا ہے اور کہا ہے کہ بھارتی وزارت خارجہ امور کے ترجمان کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کو بھارت کا اٹوٹ انگ قرار دینا سلامتی کونسل کی قراردادوں کی واضح خلاف ورزی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ جموں و کشمیر سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر ایک دیرینہ حل طلب تنازعہ ہے اور عالمی برادری گذشتہ سات دہائیوں سے یہ تسلیم کر چکی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ گذشتہ سال 5 اگست کے بھارتی غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو کشمیری، پاکستان اور عالمی برادری مسترد کر چکی ہے، بھارت 9 لاکھ قابض افواج کے ذریعے کشمیری عوام کے ارادے پست کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور عالمی برادری حق خود ارادیت کے حصول تک کشمیری عوام کیلئے آواز بلند کرتی رہے گی، کشمیری اور پاکستان کبھی بھی بھارت کے مقبوضہ جموں و کشمیر کے غیر قانونی تسلط کو قبول نہیں کریں گے، پاکستان نے سی پیک کے خلاف بھارتی پروپیگنڈے کو یکسر مسترد کیا۔