کینبرا۔7دسمبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم نے پرائم منسٹر الیون کے خلاف چار روزہ میچ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز 391 رنز 9 کھلاڑی آئوٹ پر ڈیکلیئر کردی، کپتان شان مسعود نے شاندار ڈبل سنچری سکور کی اور ناٹ آئوٹ رہے، پرائم منسٹر الیون نے اپنی پہلی اننگز میں دوسرے روز کھیل کے اختتام پر2 وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز بنا لئے، پرائم منسٹر الیون کو پہلی اننگز کا خسارہ پورا کرنے کے لئے مزید242 رنز درکار ہیں۔ جمعرات کو کینبرا میں کھیلے جارہے چار روزہ پریکٹس میچ کے دوسرے روز پاکستان ٹیم نے اپنے گزشتہ روز کے سکور 324 رنز 6 کھلاڑی آئوٹ پر اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو کپتان شان مسعود 156 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔
انہوں نے دوسرے روز بھی اپنی شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنی ڈبل سنچری مکمل کی اور 201 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے، دوسرے روز آئوٹ ہونے والے دیگر کھلاڑیوں میں عامر جمال 5، میر حمزہ 8 اور خرم شہزاد 6 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، پاکستان ٹیم کے 391 رنز پر 9 کھلاڑی آئوٹ تھے کہ اس موقع پر کپتان شان مسعود نے اننگز ڈیکلیئر کرنے کا اعلان کردیا۔ پرائم منسٹر الیون کی طرف سے جورڈن بکنگھم نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ پرائم منسٹر الیون نے پاکستان کے 391 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز کا پراعتماد انداز میں آغاز کیا،
اوپنرز کیمرون بینکرافٹ اور مارکس ہیرس نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 96 رنز بنائے، بینکرافٹ 53 اور مارکس ہیرس 49 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ دوسرے روز کھیل کے اختتام پر پرائم منسٹر الیون نے دو وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز بنا لئے، میٹ رینشاہ 18 اور کیمرون گرین 19 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ پاکستان کی طرف سے خرم شہزاد اور ابرار احمد نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ پرائم منسٹر الیون کو پہلی اننگز کا خسارہ پورا کرنے کے لئے مزید242 رنز درکار ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=417775