ملتان۔1مئی (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت کو مزدور اور دیہاڑی دارطبقے کے مسائل کا ادراک ہے‘ مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے محنت کشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں‘ ملک کی ترقی محنت کشوں کی ترقی سے وابستہ ہے‘وزیراعظم عمران خان مزدوراوردیہاڑی دار طبقے کیلئے دلی طور پرفکر رکھتے ہیں‘ ایسے طبقات کی زندگی میں تبدیلی لانا وزیراعظم کا مشن ہے‘مزدوروں کی تحریک ہر طرح کے امتیازات ‘ جبر اور حقوق کی پامالی کے خلاف جدوجہد کیلئے مشعل راہ ہے ‘ وزیراعظم پاکستان عمران خان کا احساس پروگرام محنت کشوں کیلئے ان کی پالیسیوں کی عکاسی ہے‘ وزیراعظم پاکستان حقیقی معنوں میں غریبوں کی زندگیوں میں تبدیلی لانا چاہتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز عالمی یوم مزدور کے حوالے سے جاری کردہ پیغام اور ملتان میں مختلف مقامات پرتقریبات سے خطاب اور وفود سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ملتان میں مصروف دن گزارا ۔انہوں نے کہاکہ کوروناو باءنے دنیا کی مضبوط اور طاقتور معشیتوں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک کے لئے ان مضمرات کامقابلہ کرنا ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔ ہم نے اس صورتحال میں اپنی خصوصی توجہ جغرافیائی معاشی ترجیحات پر مرکوز کی ہوئی ہے۔ کورونا چیلنجز سے نمنٹنے کیلئے ہمارا فوکس معاشی سفارت کاری کو بروئے کار لاتے ہوئے اقتصادی تعاون کا فروغ اور علاقائی روابط میں اضافہ کرناہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے دنیا بھر میں موجود سفارت خانوں کو ہدایت جاری کی ہیں کہ پاکستان میں زراعت، فوڈ سکیورٹی ، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، سیاحت سمیت مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ دنیا کو ان مواقع سے متعارف کروایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ افغانستان میں امن کے لئے دوحا میں مذاکرات جاری ہیں پاکستان افغان امن سمیت خطے میں امن و استحکام کیلئے اپنی مصالحانہ کاوشیں جاری رکھے گا ۔ خطے میں دیر پا اور مستقل قیام امن کیلئے عالمی برادری کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ ایک خطے کا نہیں بلکہ ایک عالمی مسئلہ جسے اقوام متحدہ کی قرارداد وں کے مطابق حل کرنا ہوگا ۔
پاکستان نے کشمیر کے مسئلہ کو ہر عالمی فورم پر بلند کیا اور مستقبل میں بھی کرتا رہے گا۔ ضرورت اس امر کی ہے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوںکا سلسلہ رکوانے اور مظلوم کشمیریوں کو بھارتی قابض افواج کے استبداد سے نجات دلانے کیلئے عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ کورونا کی موجودہ صورتحال پریشان کن ہے اوراس وقت پوری قوم کروناکے خلاف جنگ لڑ رہی ہے۔
ویکسی نیشن کا عمل پورے ملک میں کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ وبا کے مزید پھیلائو کو روکنے کے لئے پوری قوم کو احتیاطی تدابیر لازماً اختیار کرنا ہوں گی اور طبی ماہرین اور حکومتی ایس او پیز پر عملدرآمد کرنا ہوگا۔ حکومت کی خواہش ہے کہ عوام کو نہ صرف کورونا سے نجات دلائی جائے بلکہ جس حد تک ممکن ہو ملکی معیشت کا پہیہ بھی چلتا رہے۔
قوم کو ساتھ دینا ہوگا۔تب ہی ہم اس چیلنج سے کامیابی سے نبرد آزما ہو سکتے ہیں۔ قبل ازیں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ملتان میں مصروف دن گزارا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے این اے 156 کی مختلف یونین کونسلو ں کے دورہ کے دوران یونین کونسلوںمیں جاری ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ بھی کیا۔دریں اثنا وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وزیر مملکت ملک عامر ڈوگرکے سسر ملک عبدالشکور ڈوگر کے انتقال پرافسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر وجمیل کی دعا کی ہے