لاہور۔29نومبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہر فورم پر فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کی ہے ، عالمی برادری کو نہتے فلسطینیوں کے قتل عام پر جاگنا ہو گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعے کے روز فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر جاری اپنے ایک پیغام میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ظلم و زیادتی کا شکار فلسطینی بھائیوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، ہم فلسطینی عوام کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش اور ان پر ہونے والے ظلم و ستم کی پر زور مذمت کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کا حامی رہا ہے اور رہے گا، پاکستان کا ہر شہری فلسطینیوں کے دکھ میں برابر کا شریک ہے، عالمی برادری کو نہتے فلسطینیوں، بچوں اور خواتین کے قتل عام پر جاگنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان کی پوری قوم فلسطین کے ساتھ کھڑی ہے اور فلسطینی قوم پر ہونے والے مظالم کےخلاف آواز بلند کرتی رہے گی ۔
وزیر اعلیٰ نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ سمیت دنیا بھر میں امن کے داعی ممالک کو آگے بڑھ کر فلسطین میں ہونے والے ظلم و بربریت اور نسل کشی کو فورا روکنے کی کاوشوں کو تیز تر کرنا ہوگا ۔ ا ن کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کی جدوجہد ایک دن ضروررنگ لائے گی اور آزادی کی خاطر جان کے نذرانہ پیش کرنے والوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گاگے۔اللہ تعالی فلسطینی عوام کو غاصب اسرائیل کے ظلم و بربریت سے ہمیشہ کے لیے نجات عطا فرمائے۔