راولپنڈی۔1نومبر (اے پی پی):پاکستان ون ڈے کپ میں لاہور وائٹس نے لاہور بلیوز اور ملتان ریجن نے فیصل آباد ریجن کو شکست دے دی ۔ بدھ کے روز راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے میچ میں لاہور وائٹس نے لاہور بلیوز کے خلاف 67 رنز سے کامیابی حاصل کی ، فاتح ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 45 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے ، کامران افضل 45 اور طیب طاہر 42 رنز بنا کر نمایاں رہے ، لاہور بلیوز کی طرف سے سلمان ارشاد ، عمید آصف اور عثمان قادر نے دو ، دو وکٹیں حاصل کیں ، لاہور بلیوز کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 27 اوورز میں 132 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ،
ہاشم ابراہیم 36 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے ، لاہور وائٹس کے احمد دانیال نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 5 وکٹیں حاصل کیں ۔ شعیب اختر سٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں ملتان ریجن نے فیصل آباد ریجن کو 4 وکٹوں سے ہرا دیا ، فیصل آباد ریجن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 42 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 214 رنز بنائے ، کپتان فہیم اشرف نے 60 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ، محمد سلیم 53 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بیٹر رہے ، ملتان کی جانب سے سراج الدین نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ،
جواب میں ملتان ریجن نے مطلوبہ ہدف شرجیل خان کی شاندار سنچری کی بدولت 39.2 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ، شرجیل خان نے دھواں دار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 100 رنز بنائے جس میں 6 چھکے اور 12 چوکے شامل تھے ۔