راولپنڈی ۔ 6 اپریل (اے پی پی) پاکستان ون ڈے کپ میں (کل) اتوار کو خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی ٹیمیں راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گی، سلمان بٹ خیبر پختونخوا اور اسد شفیق بلوچستان کی قیادت کریں گے۔ میچ ڈے نائٹ ہوگا اور پاکستانی وقت کے مطابق دن دو بجے شروع ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق پی سی بی کے زیر اہتمام پاکستان کپ 2019 کے سنسنی خیز مقابلے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں جاری ہیں، اس سلسلے کا چھٹا میچ (کل) خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مابین کھیلا جائے گا، دونوں ٹیمیں ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست ہیں اور پہلی بار آمنے سامنے ہوں گی۔ شیڈول کے مطابق ٹورنامنٹ کا ساتواں میچ پیر کو پنجاب اور فیڈرل ایریاز کے درمیان کھیلا جائے گا، 9 اپریل کو آٹھویں میچ میں سندھ اور خیبر پختونخوا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، 10 اپریل کو نواں میچ فیڈرل ایریاز اور بلوچستان جبکہ 11 اپریل کو دسواں اور آخری میچ پنجاب اور سندھ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ واضح رہے کہ ٹورنامنٹ میں پنجاب، بلوچستان، فیڈرل ایریاز، خیبرپختونخوا اور سندھ کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، ہر ٹیم چار لیگ میچ کھیلے گی جبکہ دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 12 اپریل کو ہوگا۔