پاکستان ویسٹ‌انڈیزون ڈے سیریز،ملتان آج 14سال بعد ون ڈے انٹرنیشنل میچ کی میزبانی کرے گا

62
پاکستان ویسٹ‌انڈیزون ڈے سیریز،ملتان آج 14سال بعد ون ڈے انٹرنیشنل میچ کی میزبانی کرے گا

ملتان۔8جون (اے پی پی):مدینۃ الاولیاءملتان کے کرکٹ‌شائقین 14سال بعد آج ملتان کرکٹ‌سٹیڈیم میں‌ایک روزہ میچ سے لطف اندوز ہوں‌گے۔پاکستان اورویسٹ‌انڈیزکے درمیان تین ایک روزہ میچوں‌کی سیریز کاپہلامیچ بدھ کو منعقدہوگا۔ڈے اینڈنائٹ‌میچ شام 4بجے شروع ہوگا۔

سیریز کے باقی دو میچزبھی 10 اور 12 جون کو اسی مقام پر کھیلے جائیں گے۔ دونوں ٹیمیں سیریز میں مثبت پوائنٹ حاصل کرکے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2023 میں براہ راست رسائی کے لیے پرامید ہیں۔آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ میں یہ پاکستان کی پانچویں سیریز ہے۔اس سے قبل کھیلی گئی چار سیریز میں پاکستان نے آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور زمبابوے سے فتح حاصل کی ہے جبکہ اسے انگلینڈ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستان نے حال ہی میں بابراعظم کی زیرقیادت آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں 1-2 سے کامیابی حاصل کی۔ یہ پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف 20 سال بعد ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں پہلی فتح تھی۔آئی سی سی ون ڈے انٹرنیشنل بیٹرز رینکنگ میں بابراعظم سر فہرست ہیں۔وہ سپر لیگ کے رواں سائیکل میں 90.2 کی اوسط سے 902 رنز بناچکے ہیں۔

اس دوران انہوں نے 5 سنچریاں سکور کررکھی ہیں۔ اس سائیکل میں پاکستان کے دوسرے بیٹر امام الحق ہیں، جو اب تک 598 رنز بناچکے ہیں۔انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف 2 سنچریاں اور ایک ناقابل شکست 89 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔باؤلنگ کے شعبے میں پاکستان کےشاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے 19،19 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔پاکستان کی ٹیم سپر لیگ کے 12 میں سے 6 میچز جیت کر دسویں نمبر پر موجود ہے۔ مہمان سائیڈ 18 میں سے 8 میچز جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن پر موجود ہے۔