پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم اپنی ٹریننگ کا آغاز کل سے کرے گی

110
PCB
PCB

کراچی۔3فروری (اے پی پی):پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لیے اپنی ٹریننگ کا آغاز (کل) ہفتہ سے کرے گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان ویمن ٹیم نیولینڈز کیپ ٹائون میں دوپہر کے وقت پریکٹس سیشن کرے گی۔

مزیدبرآں کیپ ٹائون میں ٹی 20 ورلڈ کپ کی ٹرافی کی رونمائی بھی ہفتہ کو کی جائے گی۔ایونٹ میں تمام ٹیموں کی کپتان شریک ہوں گی۔ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم اپنے افتتاحی میچ سے پہلے دو پریکٹس میچز کھیلے گی۔پہلا پریکٹس میچ بنگلہ دیش کے خلاف 6 فروری کو کھیلا جائے گا جبکہ دوسرے پریکٹس میچ میں پاکستان اور میزبان ٹیم جنوبی افریقہ 8 فروری کو مدمقابل ہوں گی۔

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ میں گروپ بی میں شامل ہے۔ پاکستان کے ساتھ گروپ بی میں انگلینڈ، بھارت، وسیٹ انڈیز اور آئرلینڈ کی ٹیمیں ہیں۔پاکستان ٹیم بسمہ معروف کی زیر قیادت اپنا پہلا میچ روایتی حریف بھارت کے خلاف 12 فروری کو کیپ ٹائون میں کھیلے گی۔