اسلام آباد۔15جون (اے پی پی):پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن نے اطالوی سیاحوں کی پاکستان آمد کیلئے ایکسچینج پروگرام کی تجویز دیدی ۔ ایم ڈی پی ٹی ڈی سی آفتاب الرحمان رانا نے کہا کہ نیشنل ٹورازم کوآرڈینیشن بورڈ (این ٹی سی بی) کا قیام، ای ویزا کی سہولت، انٹیگریٹڈ ٹورازم ڈیولپمنٹ پروگرام، ٹورازم برانڈ آف پاکستان، نیشنل ای پورٹل آن ٹورازم، پی ٹی ڈی سی پراپرٹیز کی نجکاری سے سیاحت کے شعبہ کو ترقی ملے گی۔
اپنے ایک بیان میں ایم ڈی پی ٹی ڈی سی نے کہا کہ تین مختلف زبانوں میں سیاحت پر اشاعتیں پاکستان میں سیاحت کی صنعت کو فروغ دینے کے لئے حالیہ اہم اقدامات ہیں۔باہمی تعاون کے ممکنہ شعبوں پر روشنی ڈالتے ہوئے، ایم ڈی پی ٹی ڈی سی نے اٹلی اور پاکستان کے ٹور آپریٹرز کے درمیان بی ٹو بی روابط کی ترقی پر بات چیت کی تاکہ اٹلی سے پاکستان میں سیاحوں کی آمد میں اضافہ، ماؤنٹین گائیڈز اور ایڈونچر ٹور گائیڈز کی استعداد کار میں اضافہ ٹریننگ پروگرامز، ایکسچینج پروگراموں کے انعقاد کے ذریعے کیا جا سکے۔
سیاحت کے پیشہ ور افراد کے لئے سیاحت اور مہمان نوازی کے شعبوں میں بہترین طریقوں سے سیکھنے اور کمیونٹی بیسڈ سسٹین ایبل ایکوٹوریزم پراجیکٹس اور اطالوی ایجنسی برائے ترقیاتی تعاون کے ذریعے سیاحت کے فروغ کی مختلف سرگرمیوں کے لئے تعاون شامل ہے۔