پاکستان ٹیلی ویژن کے ٹاک شوز اور کرنٹ افیئرز کے پروگراموں میں اپوزیشن کو بھی مدعو کیا جاتا ہے،وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب

177

اسلام آباد۔24مئی (اے پی پی):وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیلی ویژن کے ٹاک شوز اور کرنٹ افیئرز کے پروگراموں میں اپوزیشن کو بھی مدعو کیا جاتا ہے، پی ٹی وی ہوم اور پی ٹی وی سپورٹس سے اشتہارات کی مد میں پی ٹی وی کو سب سے زیادہ آمدن ہوتی ہے۔

پیر کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران مولانا عبدالاکبر چترالی کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران پی ٹی وی کو 11 ارب 93 کروڑ 30 لاکھ روپے جبکہ رواں مالی سال کے دوران 10 ارب 88 کروڑ 40 لاکھ روپے سے زائد کی آمدن ہوئی ہے۔

پاکستان ٹیلی ویژن ریاستی ٹی وی ہے، اس کے مختلف چینلز ہیں جن میں پارلیمنٹ کی کوریج کے لئے پی ٹی وی پارلیمنٹ موجود ہے۔ پی ٹی وی ہوم اور پی ٹی وی سپورٹس سے سب سے زیادہ آمدن ہوتی ہے۔ وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے قومی اسمبلی کو پی ٹی وی میں اصلاحات کے حوالے سے تحریری طور پر جواب میں بتایا گیا کہ جون میں نشریات کا ایس ڈی سے ایچ ڈی میں تبدیلی جس کا مطلب ہے کہ پہلے مرحلے میں پی ٹی وی نیوز کی سکرین کوالٹی میں واضح تبدیلی آئے گی،

اسی طرح ریاستی نشریاتی ادارے کی حیثیت سے پی ٹی وی کی ذمہ داریوں کی تعمیل میں پی ٹی وی نیوز اور پی ٹی وی ہوم کی پروگرامنگ میں عوامی تاثرات اور امنگوں کے مطابق تبدیلیاں ہوں گی۔ جدید شکل اور احساس کے ساتھ سامان کی اپ گریڈیشن اور ریاست کی آواز بننے کے لئے واضح سمت بندی سمیت جدید ایچ آر طریقوں کے مطابق پی ٹی وی کی تنظیم نو کی جائے گی۔