سڈنی۔3جنوری (اے پی پی):پاکستان ٹیم آسٹریلیا کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ کے پہلے روز اپنی پہلی اننگز میں 313 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی ، آسٹریلوی ٹیم نے پہلے روز کھیل کے اختتام تک اپنی پہلی اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 6 رنز بنالئے۔ پاکستان کی طرف سے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 88، عامر جمال 82،آغا سلمان 53 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ آسٹریلیا کی طرف سے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کپتان پیٹ کمنزنے 5 اور مچل سٹارک نے 2 جبکہ جوش ہیزلیووڈ ، نیتھن لیون اور مچل مارش نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی طرف سے صائم ایوب نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا۔ سڈنی کرکٹ گرائونڈ سڈنی میں کھیلے جانے والے تین میچوں کی سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پاکستان ٹیم کا آغاز مایوس کن تھا ،اننگ کا آغاز کرنے کیلئے آنے والے دونوں ہی بیٹر عبداللہ شفیق اور انٹرنیشنل ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے صائم ایوب بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔عبداللہ شفیق کو مچل سٹارک جبکہ صائم ایوب کو جوش ہیزلیووڈ نے آئوٹ کیا۔
پاکستان کی تیسری وکٹ 39 رنز پر گری جب بابر اعظم 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کو پیٹ کمنز نے ایل بی ڈبلیو آئوٹ کیا۔ چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی سعود شکیل تھے وہ 5 رنز بنا کر پیٹ کمنز کی گیند پر ایلکس کیری کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔پاکستان کی پانچویں وکٹ 96 رنز پر گری جب کپتان شان مسعود 35 رنز بناکر مچل مارش کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔آدھی ٹیم کے پویلین لوٹ جانے کے بعد محمد رضوان اور آغا سلمان نے پارٹنرشپ قائم کی اور سکور بڑھانے کا سلسہ جاری رکھا، اس دوران محمد رضوان نے 74 گیندوں پر ایک چھکے اور 4 چوکوں کی مدد سے ففٹی بنائی۔دونوں بیٹرز کی ذمے دارانہ پارٹنرشپ سے ٹیم کا سکور 190 رنز تک جا پہنچا جس کے بعد محمد رضوان 88 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
ان کو پیٹ کمنز نے ہیزلیووڈ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ کیا۔ پاکستان کی ساتویں وکٹ 220 رنز پر گری جب ساجد خان 15 رنز بنا کر پیٹ کمنز کی گیند پر نیتھن لیون کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔اس دوران آغا سلمان نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا، اس دوران انہوں نے 64 گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے ففٹی بنائی۔پاکستان کی آٹھویں وکٹ 226 رنز پر گری جب آغا سلمان 53 رنز بنا کر مچل سٹارک کی گیند پر ٹریوس ہیڈ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔پاکستان ٹیم کی نویں وکٹ ایک رن بعد ہی گر گئی جب حسن علی بغیر کوئی رن بنائے پیٹ کمنز کی گیند پر مچل سٹارک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔آخری وکٹ پر عامر جمال اور حمزہ علی نے آسٹریلوی بولرز کے سامنے مزاحمت کا مظاہرہ کیا ، اس دوران ایک اینڈ سے عامر جمال نے 71 گیندوں پر 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے نصف سنچری سکور کی۔
پاکستانی ٹیل اینڈرز کی مزاحمت 77.1 اوورز میں 313 رنز پر ختم ہوئی، جب عامر جمال 82 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔میر حمزہ 7 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ یوں پاکستان کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 313 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ آسٹریلیا کی طرف سے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کپتان پیٹ کمنز نے 5، مچل سٹارک 2، جوش ہیزل ووڈ، نیتھن لائن اور مچل مارش نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔میچ کے پہلے روز جب کھیل ختم ہوا تو آسٹریلوی ٹیم نے بغیر کسی نقصان کے 6 رنز بنالئے تھے۔ ڈیوڈ وارنر 6 رنز اور عثمان خواجہ صفر پر ناٹ آئوٹ تھے۔