پاکستان ٹیم ایشیا کپ میں بھارت کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، ایونٹ میں شاہین آفریدی کی کمی محسوس ہوگی، وسیم اکرم

126

اسلام آباد۔23اگست (اے پی پی):قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں بھارت کو شکست دینے کے بعد پاکستان ٹیم کے حوصلے بلند ہیں،ایشیا کپ میں شاہین آفریدی کی کمی محسوس ہوگی، بابراعظم ماڈرن کرکٹ کا بہترین کھلاڑی ہے، پاک بھارت میچ میں دونوں ممالک کے کرکٹ شائقین اسے محض ایک کرکٹ میچ کی طرح سمجھیں۔

اپنے ایک انٹرویو کے دوران سابق سٹار آل رائونڈر نے کہا کہ سب کی نظریں روایتی حریفوں کے مابین ہونے والے میچ پر لگی ہوئی ہیں، شائقین کو اس میچ کا انتظار ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں بھارت کو شکست دینے کے بعد پاکستانی ٹیم پوری طرح بدل گئی ہے اور نئے اعتماد کے ساتھ میدان میں اترے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک نوجوان ٹیم ہے اور گزشتہ دو سال سے مسلسل اچھا کھیل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مڈل آرڈر میں کمزوریاں ضرور ہیں جس میں افتخار احمد کے علاوہ کسی کو تجربہ نہیں ہے۔ بیٹنگ کا سارا دارومدار بابر اعظم اور محمد رضوان پر ہوگا۔

انہوں نے بابراعظم اور ویرات کوہلی کے موازنہ کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ بابر اعظم بہت مستقل مزاج ہیں کیونکہ اس کے پاس صحیح تکنیک ہے۔ وہ اپنی بلے بازی سے لطف اندوز ہوتا ہے، جسمانی طور پر فٹ ہے اور تمام فارمیٹس میں کپتان ہے، وہ بہت تیزی سے سیکھ رہا ہے ، ویرات کوہلی سے موازنہ کرنا قبل ازوقت ہے لیکن وہ ماڈرن کرکٹ کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہونے کی راہ پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایشیا کپ میں شاہین شاہ آفریدی کی کمی محسوس ہوگی کیونکہ وہ نئی گیند سے وکٹیں لینے میں ماہر ہیں۔ وہ لگاتار اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور دنیا کے ٹاپ تین تیز گیند بازوں میں شامل ہیں۔