پاکستان ٹیم ہوم کنڈیشنز میں خطرناک ہے، ہماری نظر سیکیورٹی پر نہیں کرکٹ پر ہے، جنوبی افریقی کپتان کوئنٹن ڈی کاک

34

کراچی۔18جنوری (اے پی پی):جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے کپتان کوئنٹن ڈی کوک نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم کو ہوم کنڈیشنز میں ہرانا آسان نہیں، ہماری ٹیم مضبوط ہے، پاکستان میں سیکیورٹی انتظامات سے مطمئن ہیں، بابراعظم کی واپسی سے پاکستانی ٹیم کو فائدہ ہوگا، جب بھی موقع ملا پی ایس ایل کھیلوں گا۔ پیر کو ویڈیو کانفرنس کے ذریعے اظہار خیال کرتے ہوئے جنوبی افریقی کپتان نے کہا کہ پاکستان میں سیکیورٹی کے انتظامات کو دیکھنے کے بعد مطمئن ہیں، کھلاڑیوں کی حفاظت کا بہترین انتظام کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سب سے بڑا چیلنج یہاں کی کنڈیشنز کا اندازہ نہ ہونا ہے، ہمارے کھلاڑی پہلے پاکستان میں نہیں کھیلے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت کسی بھی ٹیم کو اس کے ہوم گرانڈ پر کھیلنا آسان نہیں ہوتا۔ پاکستانی ٹیم ہوم گرائونڈ میں آسان حریف نہیں ہو گی۔ بابرا عظم تمام فارمیٹس میں اچھی پرفارمنس دے رہے ہیں ، ان کی ٹیم میں واپسی اور ہوم کنڈیشنز کا فائدہ پاکستان ٹیم کو ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہیڈ کوچ مارک بائوچر پاکستان کے دورے کر چکے ہیں، ان سے یہاں کی کنڈیشنز کے حوالے سے معلومات سے فائدہ ہوگا۔ جنوبی افریقی کپتان نے کہا کہ پاکستانی سکواڈ میں تین سپنرز کی موجودگی سے اندازہ ہو سکتا ہے کہ یہاں کس طرح کی وکٹیں ملیں گی۔ پاکستان کے سپنرز جنوبی افریقی بلے بازوں کے لئے خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قرنطینہ کے دوران پی سی بی نے جنوبی افریقی ٹیم کے لئے ٹریننگ کا بہترین بندوبست کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کپتانی کے ساتھ ساتھ بطور بلے باز زیادہ سے زیاد رنز بنانے کی کوشش کروں گا اور دیگر کھلاڑیوں کی بھی یہی کوشش ہو گی کہ وہ بڑا سکور کریں۔ انہوں نے کہا کہ اہم سیریز میں تماشائیوں کا نہ ہونا قابل افسوس ہے مگر امید ہے مستقبل میں شائقین کو اجازت مل جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی موقع ملا پی ایس ایل کھیلوں گا۔ کونٹن ڈی کوک نے کہا کہ ہماری نظر سیکیورٹی پر نہیں کرکٹ پر ہے۔