اسلام آباد۔22جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ شوکت ترین نے کہاہے کہ پاکستان پائیدارنموکے عشرے میں داخل ہوگیاہے،آئندہ 10 برسوں میں آمدنی میں خلیج کم ہوجائیگی، روزگارکے مواقع میں اضافہ ہوگا جبکہ انسانی ترقی میں بہتری آئیگی۔ سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری ٹویٹس میں وزیرخزانہ نے کہاکہ کورونا کے بعد معمول کی زندگی کی طرف تیزی سے لوٹنے والے ممالک کے حوالہ سے اکا نومسٹ کی فہرست میں پاکستان سرفہرست تین ممالک میں شامل ہے۔
دنیا میں کسی ممالک کو یہ کامیابی نہیں ملی ہے۔ وزیرخزانہ نے کہاکہ پاکستان میں معاشی ومعمول کی زندگی کی بحالی کی عکاسی مالی سال 2021 میں 5.37 فیصد کی نظرثانی شدہ مجموعی قومی پیداوار(جی ڈی پی) میں نموسے بھی ہورہی ہے۔ یہ گزشتہ 14 برسوں میں دوسری مرتبہ پاکستان کی معیشت کی بہترین کارگردگی ہے۔
وزیرخزانہ نے کہاکہ پاکستان ڈھانچہ جاتی اصلاحات اور جامع وپائیدارنمو کی راہ پرآگے بڑھ رہاہے۔ مالیاتی کمپنی بلوم برگ نے اس بات کی تائید کی ہے کہ پاکستان پائیدارنموکے عشرے میں داخل ہوگیاہے۔
وزیرخزانہ نے کہاکہ آئندہ 10 برسوں میں آمدنی میں خلیج کم ہوجائیگی، روزگارکے مواقع میں اضافہ ہوگا جبکہ انسانی ترقی میں بہتری آئیگی۔