اسلام آباد۔18دسمبر (اے پی پی):پاکستان اور ناروے کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ پیر کو منائی گئی، پاکستان اور ناروے نے گزشتہ 75 سالوں میں باہمی احترام اور مشترکہ اقدار کی بنیاد پر ترقی کا سلسلہ جاری رکھا ہے، دونوں ممالک سیاسی، اقتصادی، علمی، ماحولیاتی، سماجی اور ثقافتی شعبوں میں باہمی طور پر فائدہ مند شراکت داری سے فائدہ اٹھا رہے ہیں جس کی بنیاد علاقائی اور عالمی امن، سلامتی اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کی مشترکہ خواہش ہے۔ دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان اور ناروے کے تعلقات اعلیٰ سطح کے تبادلوں اور قیادت کی سطح پر متواتر ملاقاتوں کے ذریعے رابطے میں ہیں، دونوں ممالک مختلف کثیرالجہتی فورمز پر بھی فعال طور پر تعاون کرتے ہیں۔
پاکستان اور ناروے کے درمیان دوطرفہ اقتصادی تعلقات مضبوط اور بڑھ رہے ہیں جس میں متعدد پروڈکٹ لائنز میں قابل قدر تجارت اور پاکستان میں ناروے کی معروف کمپنیوں بشمول ٹیلی نار گروپ، سکیٹک اے ایس اے اور جوتن پینٹس کی خاطر خواہ سرمایہ کاری شامل ہے جبکہ آئی ٹی اور آئی ٹی ای ایس، شپ بریکنگ اور شپ ری سائیکلنگ کے شعبوں میں حال ہی میں تعاون میں اضافہ ہوا ہے۔ بیان کے مطابق پاکستان پائیدار ترقی میں ناروے کی مسلسل اور فراخدلانہ ترقیاتی امداد کو سراہتا ہے جس میں پائیدار ترقی کے اہداف، موسمیاتی عمل اور قابل تجدید توانائی اور قدرتی آفات اور آفات کے دوران اس کی یکجہتی کو سراہتا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ سال کے سیلاب کے بعد ناروے نے پاکستان کو 227 ملین نارویجین کرون کی انسانی امداد فراہم کی۔
ناروے کی ترقیاتی ایجنسی نوراڈ کے نارپارٹ پروگرام نے سٹوڈنٹ موبلیٹی اور نصابی ترقی کے پروگراموں کے ساتھ دو طرفہ تعلیمی تعاون کو آگے بڑھانے میں مدد کی ہے۔ پاکستانی نژاد نارویجن پاکستان اور ناروے کے درمیان سب سے اہم رابطہ ہیں، پاکستانی تارکین وطن جو پہلی بار 1970 کی دہائی کے اوائل میں ناروے پہنچے تھے، آج ناروے کے سب سے بڑے تارکین وطن گروپوں میں شمار ہوتے ہیں۔
وہ ایک متنوع کثیر نسلی گروپ ہیں جو سیاست، لبرل آرٹس، کاروبار، تعلیم، سائنس، تحقیق، طب، صحت کی دیکھ بھال، قانون، مشاورت اور انجینئرنگ سمیت زندگی کے تمام شعبوں میں اپنا حصہ ڈالتے ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کو پاکستانی نژاد نارویجن کی ملک میں ان کی سماجی و اقتصادی شراکت پر فخر ہے، ہم پاکستان ناروے تعلقات میں ایک اہم سنگ میل کا جشن منا رہے ہیں، پاکستان اس بات پر پختہ یقین رکھتا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور تعاون آنے والے سالوں میں بڑھے گا ۔