اسلام آباد۔22مئی (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان پرامن ملک ہے لیکن امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، بھارت نے اپنی خفت مٹانے کیلئے اپنے ہی ملک پر میزائل داغ کر پاکستان پر الزام لگایا، ہم نے بھارتی جارحیت پر اپنے دفاع میں جوابی اقدامات کئے، رافیل طیاروں کی تباہی پر بھارت کو دنیا میں ہزیمت اٹھانا پڑی۔
جمعرات کو یہاں آل پاکستان چیمبرز پریذیڈنٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت کے خلاف تاریخی فتح میں سب نے کردار ادا کیا ہے، بھارت نے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کا یکطرفہ اعلان کیا، ہم نے بھارتی جارحیت پر اپنے دفاع میں جوابی اقدامات کئے، پاکستان پرامن ملک ہے لیکن امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے پہلگام واقعہ کی آزادانہ تحقیقات کی پیشکش کی لیکن بھارت نے کوئی مثبت جواب نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے اپنی خفت مٹانے کیلئے اپنے ہی ملک پر میزائل داغ کر پاکستان پر الزام لگایا۔
انہوں نے کہا کہ رافیل طیاروں کی تباہی پر بھارت کو دنیا میں ہزیمت اٹھانا پڑی، کشیدگی کے دوران پاکستانی قوم نے بھرپور اتحاد کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا خاص کرم ہے کہ شاندار فتح پاکستان کو عطا کی، اس میں افواج پاکستان، سفارتکاروں، وزارت خارجہ، وزارت اطلاعات، حکومت پاکستان اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت شامل تھی، اس فتح پر جتنا شکر ادا کریں کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں سے پاکستان کے حوالے سے طرح طرح باتیں کی جاتی تھی، ہمسایہ ملک کہتا تھا کہ روایتی جنگ میں ہم نے پاکستان کو بہت پیچھے چھوڑ دیا ہے،اگرچہ ہمسایہ ملک بہت بڑا ملک ہے اس کے دفاع کے اخراجات مختلف ہیں لیکن پاکستان نے اپنی برتری ثابت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم لڑائی کے حق میں نہیں، ہم پر امن قوم ہیں، ہمارے پر امن رہنے کی پالیسی کو کمزوری نہیں سمجھنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے انقرہ میں اطلاع ملی کہ پہلگام واقعہ ہوا ہے اور انڈین میڈیا نے آسمان سر پر اٹھا رکھا تھا کہ یہ پاکستان نے کیا ہے، ہم نے وہیں سے وزارت خارجہ کی جانب سے مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعہ کے بعد بھارت میں ہمارے سفارتخانے کے ارکان کی تعداد کم کر دی گئی، بھارت میں جانے والے تمام پاکستانیوں کو وہاں سے نکل جانے کا حکم دیا گیا، اٹاری بارڈر کو بند کر دیا گیا، بھارت نے سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ طور پر معطل کر دیا لیکن اللہ تعالیٰ نے بھارت کے تمام غرور کو خاک میں ملا دیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600415