پاکستان پر امن ہمسائیگی پر یقین رکھتا ہے ،وزیر خارجہ

68

اسلام آباد ۔ 23 دسمبر(اے پی پی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان پر امن ہمسائیگی پر بھر پور یقین رکھتا ہے اور مذاکرات کے ذریعے پڑوسی ممالک کے ساتھ تصفیہ طلب مسائل حل کرنا چاہتا ہے ۔ اتوار کو ریڈیو پاکستان کے خبروں اور حالات حاضرہ کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ تمام مسائل کے حل کیلئے پاکستان کا رویہ نپا تلا اور بالغ نظری پر مبنی ہے کیونکہ پاکستان خطے میں امن ترقی اور خوشحالی چاہتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان بار بار کہہ رہا ہے کہ کنٹرول لائن پر جارحیت اور سرحد پار سے فائرنگ سے خطے کے امن کو بری طرح نقصان پہنچا رہا ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سرحد پار فائرنگ سے شہری آبادی متاثر ہو رہی ہے اور بھارت کو ایسی خلاف ورزیوں سے گریز کرنا چاہئے ۔ شاہ محمود قریشی نے بھارتی فورسز کے ہاتھوں بے گناہ کشمیریوں کی شہادتوں کے واقعات پر گہری تشویش ظاہر کی ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارت ظلم و جبر کی کارروائیاں اورکشمیریوں کی شہادتوں کے واقعات فوری طور پر بند کرے ۔ وفاقی وزیرنے کہا کہ بھارت میں انتخابات ہو رہے ہیں اور بھارتی قیادت اپنے داخلی معاملات سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان پر تنقید کر رہی ہے جو غلط سوچ ہے ۔