پاکستان پوسٹ 27 شہروں میں آج کی ڈاک آج ہی تقسیم کی سہولت فراہم کر رہا ہے، پاکستان پوسٹ حکام

101
Pakistan Post
Pakistan Post

اسلام آباد۔11اکتوبر (اے پی پی):پاکستان پوسٹ صارفین کی سہولت کے لئے ملک بھر کے 27 شہروں میں آج کی ڈاک آج ہی تقسیم کی سہولت فراہم کر رہا ہے جسے کاروباری برادری کی طرف سے بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی ہے ۔

پاکستان پوسٹ کے حکام نے اے پی پی کو بتایا کہ پاکستان پوسٹ ملک گیر قومی اداررہ ہے جو ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات میں صارفین کو پیشہ ورانہ خدمات کے ساتھ ساتھ الائیڈ سروسز فراہم کر رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آج کی ڈاک آج ہی کے دن ترسیل کے تحت 5 سے 20 کلو گرام کے سامان کی ترسیل کی سروس فراہم کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ابتداء میں اسلام آباد ، لاہور ، کراچی ، پشاور اور کوئٹہ سمیت ایک دو بڑے شہروں میں سامان و پارسل کی ترسیل آزمائشی بنیادوں پر شروع کی گئی جسے کاروباری برادری میں بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی ۔

پوسٹل حکام نے بتایا کہ اس وقت یہ سہولت 27 بڑے شہروں میں یہ سہولت فراہم کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے یہ سروس دیگر کوریئر کمپنیوں کے عمقابلے میں ارزاں ترین سروس فراہم کر رہی ہے ۔

پاکستان پوسٹ مستقبل میں یہ سہولت ملک کے دیگر شہروں کے لیے بھی شروع کرے گی جس سے گھریلو اور کاروباری دونوں صارفین کو بااعتماد سروس گھر کی دہلیز پر میسر آئے گی۔