پشاور۔ 16 مئی (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے ٹکٹ ہولڈرز کا اجلاس صوبائی صدر محمد علی شاہ باچا کی زیر صدارت گورنر ہاؤس پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے خصوصی شرکت کی۔ پارٹی ٹکٹ ہولڈرز نے 26 مئی کو صوبہ بچاؤ مہم کے حوالہ سے اپنی تجاویز پیش کیں ، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ٹکٹ ہولڈرز کا اجلاس بلانے اور صوبہ بچاؤ مہم کے حوالہ سے احتجاج کے فیصلہ پر صوبائی صدر کو خراج تحسین پیش کیا۔
اجلاس میں متفقہ طور پر منظور کی گئی قرار دادوں میں آپریشن بنیان مرصوص میں افواج پاکستان کی شاندار کارکردگی اور فتح کو سلام پیش کیا گیا، قرار دادوں میں کہا گیا کہ آپریشن کے دوران سپاہیوں اور سویلین کی شہادت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور انکے درجات کی بلندی کے لئے دعا گو ہیں۔انکے لواحقین کو بھی خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے۔
آپریشن بنیان مرصوص کے دوران بین الاقوامی میڈیا پر مسئلہ کشمیر سمیت پاکستان کا بہترین انداز سے دفاع کرنے پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین کے کردار کو پاکستانی عوام اور پارٹی کے لیئے قابل فخر قرار دیتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کو سلام پیش کیا گیا، قرار داد میں یہ بھی کہا گیا کہ یہ اجلاس صوبہ خیبرپختونخوا میں صوبائی حکومت کی جانب سے کرپشن، لاقانونیت اور سرکاری ملازمین کو نوکریوں سے نکالنے کی شدید مذمت کرتا ہے اور صوبائی حکومت کا خاتمہ صوبہ کی بقاء کے لیئے انتہائی ضروری قرار دیتا ہے، یہ اجلاس 26 مئی کو پشاور میں صوبائی حکومت کے خلاف صوبہ بچاؤ احتجاج کو صوبہ کے مفاد میں ایک بہترین فیصلہ قرار دیتا ہے، ایک اور قرار داد میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پارٹی کے صوبائی صدر محمد علی شاہ باچا کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اعلان کیا گیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=597891