پاکستان پیپلز پارٹی نے عام انتخابات کے لیے انتخابی منشور کا اعلا ن کردیا

179
پاکستان پیپلز پارٹی نے عام انتخابات کے لیے انتخابی منشور کا اعلا ن کردیا

اسلام آباد۔27جنوری (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے 2024 کے عام انتخابات کے لیے پارٹی کے منشور کا اعلا ن کیاجس میں معاشی بہتری، ماحولیاتی استحکام ،ہمہ جہت ترقی پر توجہ مرکوز کی گئی، غربت کا خاتمہ اور ساتھ ہی خواتین کو بااختیار بنانا شامل ہیں۔

ہفتہ کوسابق وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی اور ماحولیاتی رابطہ اور پیپلز پارٹی کے نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے یہاں پارٹی آفس میں میڈیا بریفنگ کا انعقاد کیا جس میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق چیئرمین سینیٹ نیئر حسین بخاری بھی موجود تھے۔سینیٹر رحمان نے اس بات پر زور دیا کہ معاشی عدم استحکام اور بار بار آنے والی آب و ہوا کی تباہی نے عوام کی مالی طاقت کو مزید گرا دیا ہےجو دن بدن غریب ہوتے جا رہے ہیں۔

ا نہوں نے کہا کہ پی پی پی ترقی پسند ٹیکسیشن اور عوامی بہبود کی وکالت کر رہی ہے اور جامع ترقی کو فروغ دینے والی شراکت داری پر یقین رکھتی ہے۔پیپلز پارٹی کا وہی وژن ہےجیسا کہ اس نے سندھ میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے موسمیاتی لچکدار رہائش گاہیں تعمیر کی ہیں،

بی آئی ایس پی کے ذریعے سماجی تحفظ کے بڑھتے ہوئے نیٹ ورک کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنایا جا رہا ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے نائب صدر نے کہا کہ اس منشور کے ذریعے ایک عوامی اقتصادی معاہدہ کیا ہے جو معمول کے مطابق کاروبار کا فیصلہ نہیں کرتا بلکہ پسماندہ طبقے کی بہتری اور معاشی اور سماجی طور پر ترقی کے لیے ٹھوس اور آؤٹ آف دی باکس تجاویز لے کر آتا ہے۔